پاکستان اپنی حرکتوں سے باز آئے ورنہ بھارت کارروائی کر سکتا ہے :فاروق عبدا ﷲ

نیوز ڈیسک
نئی دہلی //نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ نے فوجی کیمپ پر فدائین حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اگر پاکستان اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا تو بھارت پاکستان کے خلاف جنگ شروع کرسکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنی چاہئے تاکہ مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھایا جاسکے۔ نئی دہلی میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے کہاکہ جموں میں فوجی کیمپ پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو عسکریت پسندی کا ڈھانچہ منہدم کرنا چاہئے تاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت شرع ہو سکے۔ فاروق عبدا ﷲ کے مطابق اگر پاکستان اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا تو بھارت میں اتنی طاقت ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف فیصلہ کن جنگ شروع کرئے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے ملک کے خلاف درپردہ جنگ شروع کی ہے اور عسکریت پسندوں کو اس طرف دھکیلنے کی کارروائیاں بھی جاری ہیں کب تک ایسا چلے گا پاکستان کو ایک نہ ایک دن عسکریت پسندی کے ڈھانچے کو منہدم کرنا ہی ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب عسکریت پسند کسی نہ کسی جگہ اپنی موجودگی کا احساس دلانے کیلئے حملے نہیں کرتے۔ فاروق عبدا ﷲ کے مطابق اگر پاکستان بھارت کے ساتھ امن سے رہنا چاہتا ہے تو اسے عسکریت کا راستہ چھوڑنا ہی ہوگاکیونکہ اگر ایسا نہیں کیا تو پاکستان کو جنگ کیلئے تیار رہنا چاہئے ۔