وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی میٹنگ

اڑان نیوز
جموں //وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آج صبح سنجون میں فوجی کیمپ پر ہوئے ملی ٹنٹوں کے حملے کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ حملہ امن دشمن عناصر کی ناکام کوشش ہے تاکہ ریاست میں ترقیاتی عمل کو زک پہنچا کر عام لوگوں کو مشکلات سے دوچار کرایا جائے ۔وزیر اعلیٰ نے سماج کے تمام طبقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حساس موقعہ پر اکٹھا ہو کر اُن عناصر کے عزائم کو ناکام کریں جو لوگوں کو مختلف ناموں پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیںاور سماج و ریاست میں بد امنی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔محبوبہ مفتی نے تصادم کے دوران مارے گئے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت اداکرتے ہوئے ان کی بہادری کی تعریف کی اور سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمی فوجی اہلکاروں کی تیز تر صحتیابی کے لئے دعا کی ۔انہوںنے جی ایم سی جموں کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات بہم پہنچائیں۔میٹنگ کے دوران وزیرا علیٰ کو موقعہ پر فلش آوٹ اوپریشن کے بارے میں جانکاری دی گئی ۔وزیر اعلیٰ نے ریاست کی مجموعی اورسرحدوں کی سلامتی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے پولیس اور دیگر حفاظتی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں چوکسی برتیں اور اس بات کو یقین بنائے کہ تخریبی عناصرکو امن میں رخنہ ڈالنے کا موقعہ نہ ملے ۔انہوں نے ہوائی اڈوں ، بس سٹیشنوں ، بھیڑ بار والے علاقوں اور دیگر اہم تنصیبات پر سخت چوکسی برتنے کی بھی ہدایت دی ۔چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید، پرنسپل سیکرٹری داخلہ آر کے گوئیل ، اے دی جی پی ، سی آئی ڈی اے جی میر ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل اور کئی دیگر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔بعد میں شام کو شمالی کمانڈ کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل دیو راج انبونے سنجون حملے اور فلش آوٹ اوپریشن کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو جانکار ی دی۔