وزیر اعلیٰ نے تعلیمی ، تکنیکی اداروں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا کشمیرمیں آئی آئی ٹی ، آئی آئی ایم آف کیمپسز کو جلد چالو کرنے کی ہدایت دی

اڑان نیوز
جموں//وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے افسروں کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ریاست میںکئی نئے تعلیمی و تکنیکی اداروں پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ان اداروں میں آئی آئی ٹی جموں، آئی آئی ایم جموں اور ان کے کشمیر میں آف کیمپسز ، این آئی ٹی سرینگر اور گورنمنٹ کالجز آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جموں ، کٹھوعہ اور صفاپور شامل ہیں۔تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری، تعلیم کی وزیر مملکت پریاسیٹھی میٹنگ میں موجود تھیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ان پروجیکٹوں کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان اداروں سے طلاب کو فائدہ حاصل ہو۔ انہوںنے آئی آئی ٹی اور آئی آئی جموں پرجاری تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور ان کے سرینگرمیں کیمپسز کو جلد چالو کرنے کی ہدایت دی۔محبوبہ مفتی نے ان اداروں کی انتظامیہ پرزور دیا کہ وہ معیاری تحقیقی سرگرمیوں کے علاوہ معمول کے تدریسی کام شروع کریں ۔انہوں نے ان اداروں سے کہا کہ وہ اپنے نصاب میں ایسے مضامین کو متعارف کریں جنہیں مقامی اہمیت حاصل ہو۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ آئی آئی ٹی جموں نے عبوری رہائشی عمارت میں سات شعبوں میں اپنا کام شروع کیا ہے اور 120طلاب کو داخلہ دیا ہے ۔امید کی جاسکتی ہے کہ 2020تک ا ن اداروں میں 220فیکلٹی اور عملے کے ممبران کے ساتھ 1260طلاب کو داخلہ دیا جائے گا۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ آئی آئی ایم جموں کو اعلیٰ معیار کے تدریسی دو بیچوں پر کام شروع کیا گیا ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ سرینگرمیں ان دو خاص اداروں کے آف کیمپسز قائم کئے جائیں ۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے این آئی ٹی سرینگر کو وسعت دینے اور صفاپورہ اور کٹھوعہ میں انجینئر نگ کالجوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔اس سے قبل پرنسپل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامونے ان پروجیکٹوں اور ریاست میں اعلیٰ تعلیم کے کلہم منظرنامے کو ایک تفصیلی پرزنٹیشن کے ذریعے پیش کیا۔ چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، مرکزی سیکرٹری اعلیٰ تعلیم کیبل کمار شرما، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل ، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین چودھری ، کمشنر سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی سنجیو ورما ، کمشنر سیکرٹری ریونیو شاہد عنایت اللہ ، سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول ایم راجیو ، آئی آئی ٹی جموں ، آئی آئی ایم جموں ، این آئی ٹی سرینگر کے سربراہان ،بی جی ایس بی یو کے وائس چانسلر ، دیگر یونیورسٹیوں اور کالجو ں کے نمائندوں کے علاوہ کئی سینئر افسران میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے ریاستی اعلیٰ تعلیمی محکمہ کا پہلا میتھامیٹکس اینڈ کمپیوٹر سائنسز کا ریسرچ جرنل کا اجرا کیا۔