اوڑی میں چوری کی وارداتوں پر شفیع اوڑی کا اظہارِ تشویش معاملہ ایوان میں اٹھایا، حکومت سے فوری تحقیقات کا مطالبہ

الطاف حسین جنجوعہ
جموں//نیشنل کانفرنس کے سرکردہ رکن اور سنیئر ترین رکن اسمبلی محمد شفیع اوڑی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اوڑی اسمبلی حلقہ میں حالیہ دنوں ہوئی چوری کی وارداتوں کی تحقیقات کی جائے۔ وقفہ صفر کے دوران انہوں نے یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہاکہ اوڑی اسمبلی حلقہ بیشتر سرحدی علاقہ ہے، حالیہ دنوں میں چھ سے زائد چوری کی وارداتیں ہوچکی ہیں، ان میں سے کچھ مین بازار اوڑی میں ہوئی ہیں۔ یہ انتہائی سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے تیس سالوں کے دوران آج تک ایسا واقع اس علاقہ میں پیش نہیں آیا، اب یہ سلسلہ وار چوری کی وارداتوں کے خطرناک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ معلوم نہیں کہ چوری کی وارداتیں کون انجام دے رہاہے ۔ پولیس نے ابھی تک صرف2معاملات کا ہی پتہ لگایا ہے۔شفیع اوڑی نے کہاکہ اوڑی ایک حساس علاقہ ہے، لہٰذا اس کو سنجیدگی سے لیاجائے۔ شفیع اوڑی کے اس معاملہ پر چوہدری ذولفقار علی نے یقین دلایاکہ وہ ڈی جی پی کو ہدایات دیں گے کہ اس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے اور ساتھ ہی وارداتوں کی باریک بینی سے تحقیقات کی جائے گی۔