زلزلے سے زیر تعمیر فلائی اوور کی ڈاٹ گرآئی، کوئی جانی نقصان نہیں

31SRNP1:- SRINAGAR, JANUARY 31 (UNI) A girder from the under-construction Srinagar flyover came down crashing on a crane beneath it on Wednesday after an earthquake jolted Jammu and Kashmir.

یو ا ین آئی
سری نگر// سری نگر میں بدھ کو دوپہر کے وقت آنے والے زلزلے کے باعث ائرپورٹ روڑ پر زیر تعمیر اڑھائی کلو میٹر طویل رام باغ جہانگیر چوک فلائی اوورپل کی ڈاٹ گرآئی ۔ گرڈر گرنے کے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تاہم ڈاٹ کی زد میں آنے والے کرین کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ یہ حادثہ آلوچی باغ کے نزدیک پیش آیا ہے۔ فلائی اوور پر کام کرنے والی اکنامک ری کنسٹرکشن ایجنسی (ارا) کے ڈائریکٹر ستیش رازدان نے بتایا کہ مذکورہ گرڈر تنصیب کے دوران گرآیا ہے۔ انہوں نے بتایا ’گرڈر کو کرین کی مدد سے ستونوں پر چڑھایا جارہا تھا۔ ہوسکتا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے کرین کا توازن بگڑا ہو اور نتیجتاً گرڈر کرین پر گرآیا۔ یہ بات بالکل بے بنیاد ہے کہ گرڈر زلزلے کی وجہ سے ستونوں کے اوپر سے کرین پر گرآیا ہے۔ ہم نے حادثے کی تفصیلات جمع کرنا شروع کردیا ہے‘۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ گرڈر کے کرین پر گرنے کے واقعہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ موقع پر پہنچنے والے یو این آئی کے ایک نامہ نگار کو آلوچی باغ کے رہائشیوں نے بتایا کہ حادثے کے شکار ہونے والے گرڈر کو گذشتہ شام نصب کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا ’شایداس کو ابھی ستونوں کے ساتھ جوڑنا باقی تھا‘۔ محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا ’اس کو ستونوں کے ساتھ فکس کرنا ابھی باقی تھا‘۔ اس دوران سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نیشنل کانفرنس ترجمان جنید عظیم متو کے ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’میں امید کرتا ہوں کہ فلائی اوور کے ایک حصے کو مکمل کرنے کے سلسلے میں مقرر کی گئی ڈیڈ لائن کو عبور کرنے کے لئے فلائی اوور کی سیفٹی اور کوالٹی کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘۔ جنید متو نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’رام باغ جہانگیر چوک فلائی اوور کے ایک حصے کے زلزلے سے گرنے سے متعلق رپورٹیں خطرناک ہیں۔ چونکہ روڑ کو ٹریفک کے لئے کھلا رکھا گیا ہے، اس کے پیش نظر اس حادثے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے‘۔ واضح رہے کہ بعض وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر میں بھی بدھ کے روز دوپہر کے وقت زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹراسکیل پر 6 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونس لوٹس نے یو این آئی کو بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے بدھ کے روز دوپہر کے وقت قریب 12 بجکر 36 منٹ پر محسوس کئے گئے۔ زلزلے کی گہرائی 190 کلو میٹر تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان میں تاجکستان کی سرحد پر کہیں تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے کچھ علاقوں میں لوگ خوف زدہ ہوکر اپنے گھروں، کام کی جگہوں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔ یو این آئی