پاکستان کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے: جتیندر سنگھ

ایجنسیاں
جموں// وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سرحدوں پر پاکستان کی فائرنگ کا ایک ایسا جواب دیا جارہا ہے، جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ اس جوابی کاروائی کے گواہ ہیں۔ ڈاکٹر جتیندر نے جمعہ کو یہاں سرحدی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا ’پاکستان جو کررہا ہے، وہ سب کو معلوم ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اس بار بھارت کی طرف سے جو جواب دیا جارہا ہے، وہ ماضی میں کبھی نہیں دیا گیا ہے۔ اس جوابی کاروائی کے گواہ سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر لوگ ہیں۔ پاکستان کا بھاری نقصان ہورہا ہے‘۔ نامہ نگاروں کی جانب سے نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ کے بیان جس میں انہوں نے پاکستان سے بات چیت کی وکالت کی ہے، کے بارے میں پوچھے جانے پر جتیندر سنگھ نے کہا ’بات چیت کرنی ہے یا نہیں۔ اس کا فیصلہ بھارت کی خارجہ اور داخلہ وزارت کرتی ہے۔ کوئی کتنا ہی بڑا لیڈر کیوں نہ ہو، اسے بات چیت پر فیصلہ لینا کوئی اختیار نہیں ہے‘۔ انہوں نے اسپتالوں میں زخمیوں کو فراہم کی جارہی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا ’تمام زخمیوں کا خصوصی خیال رکھا جارہا ہے۔ اسپتالوں کا انتظامیہ اور سول سوسائٹی کے اراکین زخمیوں کی بھرپور مدد کررہے ہیں‘۔