ذوالفقار نے اودھم پور کے بلی دیہات میں گوجربکروال گرلز ہوسٹل کا سنگ بنیاد رکھا 3.25کروڑ روپے کی لاگت والی عمارت کو جموں وکشمیر ہاوسنگ بورڈ تعمیرکرے گا

اڑان نیوز
اودھم پور //وزیر برائے خوراک ، شہر رسدات و امور صارفین اور امور قبائل چودھری ذوالفقار علی نے کل اودھم پور کے بلی دیہات ہیں گجر بکروال گرلز ہوسٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ ہوسٹل کی عمارت 3.25 کروڑ روپے کی لاگت سے جے اینڈ کے ہاوسنگ بورڈ تعمیر کر رہا ہے ۔رکن اسمبلی ادھمپور ، پون گپتا بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ذوالفقار نے کہا کہ ہوسٹل عمارت تمام جدید سہولیات سے لیس ہوگی جس میں قبائلی طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین طالبات کے لئے کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کے لئے سہولیات بہم رکھی جائیں گی تاکہ وہ ریاست اور بیرون ریاست کھیل مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت قبائلی طبقے کی حالت زندگی بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔قانون ساز پون گپتا کو ادھمپور میں گرلز ہوسٹل تعمیر کرنے کی مانگ پیش کرنے کے لئے سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ہوسٹل میں 100 لڑکیوں کے لئے مفت قیام و طعام ، وردی اور کتابیں فراہم کرنے کی سہولیت دستیاب رہے گی۔اس موقعہ پر وزیر مختلف و فود سے ملے اور ان کی شکایات بغور سنیں ۔ذوالفقار نے وفود کو اپنی تمام شکایات رکن اسمبلی پون گپتا کی نوٹس میں لانے کے لئے کہا اور انہیں یقین دِلایا کہ ان کی شکایات وسائل کو حل کیا جائے گا۔اس موقعہ پر پون گپتا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجر بکروال لڑکیوں کو اس ہوسٹل میںمفت قیام و طعام کی سہولیت دستیاب رہے گی ۔انہوں نے مقامی لوگوں کو یقین دِلایا کہ وہ ان کی شکایات وسائل کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھا کر ان کا ازالہ یقینی بنائیں گے۔اس موقعہ پر ناظم ، خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین ، ناظم امور قبائل ، مشاورتی بورڈ کے سیکرٹری اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔