’امیر سلمان مملکت میں فلسطین کے سفیر‘

ریاض//سعودی عرب میں متعین فلسطینی سفیر باسم عبداللہ الآغانے کہا ہے کہ وہ فلسطین سے متعلق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے 2تاریخی واقعات کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ ان دونوں واقعات سے فلسطین اور اس کے عوام سے ان کی گہری محبت اور وابستگی کا پتہ چلتا ہے۔ باسم الآغانے بتایا کہ پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب خادم حرمین شریفین پاکستان کے دورے پر تھے۔ فلسطینی سفیر نے انہیں اس موقع پر سلام کیا تو خادم حرمین شریفین نے انہیں گلے لگاتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور القدس ہمارے دلوں میں ہے۔ فلسطین جلد آزاد ہوگا۔دوسرا واقعہ الجزائر کے دورے کے موقع پر پیش آیا اس وقت شاہ سلمان ریاض کے گور نر ہوا کرتے تھے۔ وہ الجزائر میں سعودی سفارتخانے کے افتتاح کیلئے پہنچے ہوئے تھے۔ فلسطینی سفیر نے اس موقع پر اپنا تعارف کرانا چاہا تو خادم حرمین شریفین نے جواباً کہا’’امیر سلمان مملکت میں فلسطین کا سفیر ‘‘آپ کے سامنے ہے۔