شوپیاں میں گولیوں کا تبادلہ جنگجو مخالف آپریشن کے دوران جھڑپیں

اُڑان نیوز
سرینگر//شمال و جنوب میں سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔ شوپیاں ، پلوامہ ، ترال اور ہندواڑہ میں گھر گھرتلاشی کارروائی جاری ہے ۔ کرالہ گنڈ ہندواڑہ اور براتھ پورہ شوپیاں میںجنگجوؤں اور فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔ جنگجوئوں کو تلاش کرنے کیلئے جونہی گائوں کا محاصرہ کیا گیا اس دوران لوگ مشتعل ہوئے اور سیکورٹی فورسز پر پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے گئے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق براتھ پورہ شوپیاں میں گزشتہ رات فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان آمنا سامنا ہوا تاہم اس دوران جنگجو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد فوج نے براتھ پورہ شوپیاں میں شاہراہ پر ناکہ لگایا ا س دوران جنگجوؤںاور فورسز کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔ مقامی ذرائع کے مطابق فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان دس منٹ تک گولیوں کا تبادلہ جاری رہا اگر چہ اضافی اہلکاروں کو طلب کرکے گائوں کو محاصرے میں لیا گیا تاہم جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ نمائندے کے مطابق اتوار اعلی الصبح جونہی سیکورٹی فورسز نے براتھ پورہ شوپیاں کے گائوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران نوجوان مشتعل ہوئے اور پتھراو کیا ۔ نمائندے کے مطابق تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے اشک آور گیس کے گولے داغے جس کے نتیجے میں براتھ پورہ شوپیاں اور اُس کے ملحقہ علاقوں میںافرا تفری مچ گئی۔ مقامی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان کافی دیر تک تصادم آرائیوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد فورسز نے آپریشن کو موخر کیا ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق گزشتہ شام رات دس بجے کے قریب براتھ پورہ شوپیاں میں تلاشی کارروائی شروع کی گئی جس دوران سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤںکے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ اتوار صبح جونہی سیکورٹی فورسز نے براتھ پورہ کے رہائشی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی کارروائی شروع کی اس دوران چند نوجوانوں نے پتھراو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا گیا جس کے بعد حالات معمول پر آئے ۔ دریں اثنا مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے ترال اور پلوامہ کے کئی علاقوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔ نمائندے کے مطابق پلوامہ کے چھ دیہی علاقوں میں رات بھر جنگجو مخالف آپریشن جاری رہا جس دوران مکینوں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے گئے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کے اہلکار جنگجوئوں کے بارے میں پوچھ تاچھ کر رہے تھے۔ علاوہ ازیں کرالہ گنڈ ہندواڑہ میں اُس وقت سنسنی اور خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا جب عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ نمائندے کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد جونہی 30آر آر اور ایس او جی ہندواڑہ نے کرالہ گنڈ جنگلی علاقہ کو محاصرے میں لیا اس دوران گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق کرالہ گنڈ ہندواڑہ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ہے تاہم عسکریت پسندوں اور فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ نہیں ہوا بلکہ جنگجوئوں کو للکارنے کیلئے فورسز نے کئی راونڈ ہوا میں فائر کئے ۔