CISFاہلکار نے اپنی بیوی ، ساتھی اور اس کی بیوی کو گولیوں سے بھون ڈالا کشتواڑ میں ڈول ہستی پروجیکٹ کی رہائشی کالونی میں نصف شب سنسنی خیز واردات

ذوالفقار علی
کشتواڑ // پہاڑی ضلع کشتواڑ میں بدھ اور جمعرات کی نصف شب سینٹرل انڈسٹریل ریزرو فورس (سی آئی ایس ایف) کے ایک کانسٹیبل نے اپنی بیوی، ساتھی کانسٹیبل اور اس کی بیوی کو سروس رائفل سے گولیاں مار کر ہلاک کردیا ۔ یہ واقعہ نصب شب قریب 2بجے ڈول ہستی پن بجلی پروجیکٹ کی قصبہ یکی مضافات میں واقع شالیمار علاقہ میں رہائشی کالونی میں پیش آیا جب سی آئی ایس ایف کے کانسٹبل انگلپا سریندر ولدِ انگلپا بابو سکنہ گاﺅں سنگم ، دینتھت لبورا ضلع خمام تلنگانہ نے اپنی بیوی لوانیا ، ساتھی کانسٹبل راجیش ککانیولد بھاﺅصاحب ککانی سکنہ گاﺅں چنچولی ،ضلع ناسک مہاراشٹر اور اس کی بیوی شوبھا پر سروس رائفل سے اندھا دھندگولیاں چلا دیں ۔ تینوں کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ ابرار احمد چودھری نے بتایا کہ گذشتہ رات قریب دو بجے شالیمار چوک کی این ایچ پی سی کالونی میں واقع سی آئی ایس ایف ہیڈکوارٹرس میں گولی چلنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے فوری بعدڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر ، ایس ایچ او کشتواڑ سمیر جیلانی اور شالیمار پولیس پوسٹ کے انچارج موقع وارادت پر پہنچ گئے جہاں کوارٹر نمبر S-161میں کانسٹبل راجیش ککانی اور اس کی بیوی شوبھا کی خون میں لت پت لاشیں پڑی تھیں ۔ انگلپا کی بیوی لوانیا کی لاش کوارٹر نمبر 165میں پائی گئی ۔ پولیس نے ملزم کو سروس رائفل سمیت گرفتار کر لیا اور اسے کے لاف تھانہ میں ایک ایف آئی آر زیر نمبر 2053/2017زیر دفعہ 302رنبیر پینل کوڈ درج کر لی ۔ مہلوکین کی لاشوں کو شیر ِ کشمیر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کر نے کے بعد سی آئی ایس ایف یونٹ کے حوالے کر دی گئیں ۔ تحقیقات میں مدد کے لئے جموں سے فارنسک سائنس لیبارٹری کی ایک ٹیم بھی بلائی گئی ہے۔ایس ایس پی ابرار چودھری، جنہوں نے بعد میں خود بھی دورہ کر کے جائے واردات کا جائزہ لیا ، نے مزید بتایا کہ بادی النظر میں ہلاکتوں کی وجہ ملزم کی بیوی کے مہلوک کانسٹیبل کے ساتھ ماورائے ازدواج تعلقات ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد ہی اصل وجہ سامنے آئے گی ۔