ضلع پلوامہ کے بیشتر علاقوں میں تعزیتی ہڑتال

سرینگر //اگلر کنڈی پلوامہ علاقے میں خونین معرکہ آرائی کے دوران تین جیش جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف پلوامہ کے بیشتر علاقوں میں دوسرے روز بھی تعزیتی ہڑتال سے معمول کی زندگی متاثر رہی ۔اسی دوران کسی بھی ممکنہ گڑ بڑ سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے تاہم کسی بھی جگہ سے کسی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ سی این آئی کے مطابق سوموار کی شام اگلر کنڈی راجپورہ نامی علاقے میں فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان خونین معرکہ آرائی کے دوران جیش سربراہ اظہر مسعود کے بھتیجے سمیت تین جنگجو جاں بحق ہو گئے تھے جن میں سے ایک جس کی شناخت وسیم احمد ساکنہ دربگام پلوامہ کے بطور ہوئی جبکہ مزید دو جنگجو ؤں کی شناخت جیش ڈویژنل کمانڈر محمود بھائی اور اظہر مسعود کے بھتیجے طلحہ کے طور ہوئی ۔ جاں بحق جنگجوؤں کی یاد میں پلوامہ کے بیشتر علاقوں میں بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی تعزیتی ہڑتال رہی جس کے نتیجے میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں، دکانیں، تجارتی مراکزا ور دفاتر وغیرہ بند رہے جبکہ گاڑیوں کی آمدروفت بھی بری طرح سے متاثر رہی۔ معلوم ہوا ہے کہ حساس علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقر ار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات عمل میں لائے گئے تھے تاہم کسی بھی جگہ سے کسی نا خوشگوار واقعہ کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ ہڑتال کے نتیجے میں راجپورہ ، کنڈی اگلر ، دربگام اور اس کے ملحقہ علاقوں میں معمول کی زندگی بری طرح متاثر رہی ۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق مقامی جنگجو وسیم احمد کے آبائی علاقے میں تعزیتی مجالس کا اہتمام بھی ہوا جن میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی ۔