خصوصی نمائندوں کی تقرری کا عمل بے سود وزیر اعظم متعلقین سے خود بات کریں :ڈاکٹر فاروق

سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں مذاکرات کار کے بجائے بذات خود کشمیر کے تمام متعلقین کیساتھ بات چیت کرنی چاہئے کیونکہ ماضی میں بھی مصالحت کاروں ، ورکنگ گروپوں، مختلف کمیٹیوں، پارلیمانی ڈیلی گیشنوں اور خصوصی نمائندوں نے یہاں آکر لوگوں کے ساتھ بات کی ہے لیکن اس سب عمل کا کوئی بھی نتیجہ سامنے نہیں آیا اور یہ سب کچھ بے سود ثابت ہوا، یہی وجہ ہے کہ نئے مذاکرات کار کی تقرر کے تئیں جموں وکشمیر میں سرد مہری پائی جارہی ہے۔ کے ایم ا ین نمائندے کے مطابق ضلع کپوارہ کے چارروزہ دورے کو سمیٹتے ہوئے لنگیٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے ایک اجتماع کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ جس طرح سابق وزرئے اعظم اٹل بہاری واجپائی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ نے مذاکراتی عمل کو دوام بخشا اور خود بھی اس عمل میں شامل رہے، موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی اسی راہ پر چل کر مسئلہ کشمیر کا حل ڈھونڈنے اور خطے میں امن عمل کے قیام میں خود پیش پیش رکھنا چاہئے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کو بھی پروان چڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سابق وزرائے اعظم نے پاکستان کیساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کیلئے کوششیں کیں اور بار بار یہ کہا کہ ’دوست بدل سکتے ہیں پڑوسی نہیں‘۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کی کے ادوار میں ہی آر پار بس سروس ، تجارت اور راستے کھولے گئے ، موجودہ وزیر اعظم کو بھی یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ پاکستان کے ساتھ دوستی کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کیونکہ دو پڑوسی ایک دوسرے کیخلاف دشمنی میں کبھی ترقی نہیں کرسکتے ۔ کے ایم ا ین کے مطابق انہوں نے کہا کہ دوستانہ تعلقات میں ہندوستان اور پاکستان ترقیوں کی نئی منزلوں کو چھو سکتے ہیں، اس کے لئے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی مجبوریاں سمجھنی چاہئے اور لچکدار رویہ اختیار کرنا چاہئے۔ دفعہ35اے پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر اس دفعہ کیساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو ایسا طوفان برپا ہوگا جسے قابو نہیں پایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ ہری سنگھ کے مشروط الحاق اور دفعہ370کے تحت جموںوکشمیر کو جو مراعات حاصل ہیں نئی دلی کو اس کا احترام کرنا چاہئے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری محمد رمضان، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،ضلع صدر قیصر جمشید لون(ایم ایل سی)میر سیف اللہ اور یوتھ ضلع صدر زاہد مغل بھی موجو دتھے۔