بانہال ، سرینگر کے درمیان ریل خدمات دوسرے روز بھی معطل

اڑان نیوز
بانہال // بانہال اور سرینگر کے درمیان ریل خدمات مسلسل دوسرے دن بھی معطل رہیں۔ ریل خدمات اتوار کے روز ضلع پلوامہ میں دو کمسن لڑکوں کی ٹرین کی زد میں آکر موت واقع ہوجانے کے بعد متعدد دیہات میں احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھنے کے بعد معطل کی گئی تھیں۔ ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ بانہال اور سرینگر کے درمیان براستہ اننت ناگ و قاضی گنڈ تمام ٹرینیں پیر کے روز بھی منسوخ کی گئیں‘۔ انہوں نے بتایا ’ گذشتہ شام سول و پولیس انتظامیہ کی طرف سے تازہ ایڈوائزری ملی جس میں ٹرین خدمات کو پیر کے روز بھی معطل رکھنے کا مشورہ دیا گیا‘۔ مذکورہ ریلوے افسر نے بتایا کہ انتظامیہ کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ریل خدمات کو بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان ریل خدمات معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پوچھل پلوامہ میں اتوار کے روز 6 اور 10 برس کی عمر کے دو کمسن لڑکے ریل پٹریوں کو عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔ مہلوک کمسن لڑکوں کی شناخت منتظر اور فیضان کے بطور کی گئی تھی۔ ٹرین حادثے میں دو کمسن لڑکوں کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلنے کے ساتھ ہی قریب سات سے آٹھ دیہات میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔