پروین توگڑیا کا 3 نومبر سے جموں کا تین روزہ دورہ ہندو ہیلپ لائن‘ کا افتتاح کریں گے

اڑان نیوز
جموں// وشوا ہندو پریشد کے بین الاقوامی صدر پروین توگڑیا تین روزہ دورے پر 3 نومبر کو جموں کی سرمائی دارالحکومت جموں آرہے ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ’ڈاکٹر توگڑیا 3 نومبر کو جموں آئیں گے۔ وہ یہاں تین دن رہیں گے‘۔ انہوں نے بتایا کہ وی ایچ پی کے شعلہ بیان لیڈر اپنے دورے کے دوران یہاں ’ہندو ہیلپ لائن‘ شروع کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ’یہ ہیلپ لائن پارٹی کی طرف سے دنیا بھر میں شروع کردہ خدمات کا حصہ ہے‘۔ انہوں نے بتایا کہ ’ہندو ہیلپ لائن‘ پورے دنیا میں شروع کی گئی ہے اور اس کا مقصد دنیا بھر میں مقیم ’ہندؤں‘ کی بہبودی کو یقینی بنانا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا ’وی ایچ پی لیڈر (توگڑیا)یہاں سول سوسائٹی کے اراکین اور دانشوروں کے ساتھ میٹنگ کرکے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق فیڈ بیک حاصل کریں گے‘۔ انہوں نے بتایا کہ پروین توگڑیا 5 نومبر کو واپس نئی دہلی جائیں گے۔