ڈوڈہ کے قریب المناک کار حادثہ 5افراد پر مشتمل پورا کنبہ لقمہ اجل جموں ، پونچھ اور راجوری سڑک حادثات میں 41زخمی ، 4کی حالت تشویش ناک

محمد اصغر بٹ +پرتپال سنگھ +جمشید ملک
ڈوڈہ+پونچھ +راجوری +جموں//ڈوڈہ ضلع کی تحصیل محالہ میں پیر کی شام ایک المناک کار حادثہ میں ایک ہی گھر کے 5افراد لقمہ اجل ہو گئے جن میں نامور سراجی موسیقار بشیر احمد بشیر، ان کی اہلیہ اور ان کے تین بچے شامل ہیں۔ اس دوران سانبہ ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں رونما 3الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 41افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 4کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع ڈوڈہ کی مشرقی تحصیل محالہ میں اْس وقت قیامت برپا ہو گئی جب ایک ہی گھر کے پانچ افراد الٹو کار حادثہ میں جاں بحق ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مشہور سراجی موسیقار بشیر احمد بشیر، جو پیشہ سے ٹیچر تھے ، اپنی نئی بنا نمبر آلٹو کار پر ڈوڈہ سے شیوا آستان جٹھیلی کی جانب جا رہے تھے کہ شام سوا 5بجے کے قریب جو ں ہی بھبور ست سنگ موڑ پر پہنچے ، ان کی کار سڑک سے لڑھک کر ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں جا گری ۔ 2افراد موقع پر ہی لقمہ ٔ اجل ہو گئے جبکہ 3نے ضلع ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا ۔ مرنے والوں کی شناخت بشیر احمد شاہ ولد فروز دین شاہ عمر 45 سال،فہمیدہ بیگم زوجہ بشیر احمد عمر 35 سال ،ضیاء بشیر ولد بشیر احمد عمر 14 سال ،سائقہ بانو دختر بشیر احمد عمر 17 سال اور نسر ینہ بشیر دختر بشیر احمد عمر 19 سال ساکنہ شیوا آستان پنچایت جٹھیلی، تحصیل محالہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ ماسٹر بشیر احمد بشیر سراجی زبان کے نامور وسیقار تھے اور علاقہ میں کافی مقبول تھے ۔ ھادثہ کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی اور لوگ جوق در جوق ان کی رہائش گاہ کی طرف پہنچنے لگے ۔ دریں اثنا سانبہ ، پونچھ اور راجوری میں الگ الگ سڑک حادثات میں 41افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے 4 گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں پہنچائے گئے ہیں ۔ سرحدی ضلع پونچھ کے گونتریاں گاؤں میں ایک زائلو گاڑی زیر نمبر JK11A-1375 اس وقت حادثہ کا شکار ہو گئی جب وہ ڈینگلہ سے گونتریاں کی طرف بارات لے کر گئی ہوئی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ سڑک پر اچانک کھیلتے ہوئے بچے آگئے جن کو بچانے کی کوشش میں گاڑی پلٹ گئی جس کے نتیجے میں کل8 افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت عابدہ کوثر زوجہ نوید احمد ساکن کنوئیاں عمر 22سال، رشیدہ کوثر زوجہ محمد یونس ساکن قاضی موہڑہ عمر 26 سال، زبیدہ بی زوجہ محمد صادق ساکن نوناں بانڈی عمر 35سال، محمد تعارف ولد محمد یوسف ساکن قاضی موہڑہ عمر 22سال، عطا محمد ولد رشید خان ساکن گونتریاں عمر 6سال، نعیم کوثر دختر میر اکبر خان ساکن گونتریاں، تنظیم اخترساکن قاضی موہڑہ عمر 28سال اور شہناز اختر دختر محمد یوسف ساکن قاضی موہڑہ کے طور ہوئی ہے جن کو مقامی لوگوں نے ضلع ہسپتال پونچھ میں بھرتی کروایا۔بعد میںتین زخمیوں راشدہ کوثر، عطا محمد اور نعیم کوثر کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں ریفر کر دیا گیا ۔راجوری سے جمشید ملک کی اطلاع کے مطابق باباغلام شاہ بادشاہ یونیوسٹی سے راجوری قصبہ کی طرف آرہی میٹاڈور دھنور کے مقام پر حادثے کا شکارہو گئی جس کے نتیجہ میں 22مسافر زخمی ہوگئے جن میں یونی ورسٹی کے طلبا بھی شامل ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق باباغلام شاہ بادشاہ یونیوسٹی سے راجوری آرہی میٹا ڈور زیر نمبر JK14/7636 تیز رفتاری کے باعث ڈرائیوار کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر پلٹ گئی۔ 22 زخمی مسافروں کو فوری طور پر ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے ایک زخمی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں کے لئے ریفر کر دیا گیا ۔ ایک زخمی طالب علم نے بتایا کہ گاڑی یونیورسٹی سے ہی اوئورلوڈ تھی جبکہ ڈرائیوار نے راستہ سے مزید مسافراٹھائے۔ اس نے بتایا کہ گاڑی کی رفتار بھی کافی تیز تھی ۔ ڈاکٹر کے مطابق ایک نوجوان جس کی شناخت اعجاز احمد ولد علی محمد سکنہ دراج بدھل کے طور پر ہوئی ہے ، کے سر میں گہری چوٹ آئی ہے اور اس کی حالت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اسے جموں منتقل کر لیا گیا ہے ۔اس دوران جموں کے مضافاتی علاقہ بڑی براہمناں میں پیر کی صبح ایک مسافر بس کے پلٹ جانے سے کم از کم 11مسافر زخمی ہو گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق ضلع سانبہ کے ساندھی علاقہ سے جموں کی طرف آرہی مسافربس زیر نمبرJK02BP-5727پولیس تھانہ بڑی براہمناں کے تحت پڑنے والے علاقہ بیرپور کے نزدیک سڑک پر پلٹ گئی جس کے نتیجہ میں 11مسافر زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام نے بتایاہ یہ حادثہ صبح8:45بجے پیش آیا۔ زخمیوںکو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ زخمیوں کی شناخت 16سالہ نصرت فاطمہ دختر سلطان محمد ساکنہ ساندھی، 38سالہ شمیمہ زوجہ محمد اسلم ساکنہ سینِک کالونی جموں، 12سالہ سونو ولد محمد اسلم ساکنہ سینِک کالونی جموں، 18سالہ محمد آصف ولد بشیر احمد ساکن ساندھی ، 24سالہ وکی کمار ولد انگریز کمار ساکنہ کھڑا میدانہ،25سالہ محمد اشفاق ولد عطا محمد ساکنہ ساندھی ، 14سالہ صوفیہ اختر دختر محمد اسلم ساکنہ سیِک کالونی شامل ہیں۔ 4 زخمی شری اوم اسپتال بڑی برہمناں میں زیر علاج ہیں جن میں18سالہ سنی کمار ولد پرکاش چند ساکنہ ساندھی، 40سالہ عطر حسین ولد شفیع محمد ساکنہ کھڑا میدانہ، 60سالہ شامہ دیوی زوجہ گردھاری لال ساکن سنڈی اور ترسیم کمار شامل ہیں۔ باقی زخمی گورنمنٹ میڈیکل کالج ہسپتال جموں میں داخل کئے گئے ہیں ۔