ہائی وے پر حملہ سی آر پی ایف سب انسپکٹر شدید زخمی ،جنگجو مخالف آپریشن کا آغٓاز

ہلال شاہ
سرینگر//ہفتہ کی شام جنوبی کشمیر کے میر بازار قاضی گنڈ میں عسکریت پسند وںنے سی آرپی ایف کی ایک گشتی پارٹی پر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں ایک سب انسپکٹر شدید زخمی ہوا جس سے خصوصی طبی امداد کیلئے سرینگر منتقل کیا گیا۔ حملے کے فوراً بعد پولیس و فورسز نے علاقہ کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ۔ پولیس نے حملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔واقعہ یوں ہے کہ سنیچر شام دیر گئے میر بازار قاضی گنڈ میں جموں سرینگر شاہراہ پر زوڈرہ کراسنگ کے مقام پر عسکریت پسندوں نے 66بٹالین سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ کئی منٹوں تک بندوق برداروں نے سی آر پی ایف پرفائرنگ کی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر جس کی شناخت انور علی کے طور ہوئی ہے شدید طورپر زخمی ہوا۔زخمی سب انسپکٹر کو فوری طورپر نزدیکی اسپتال پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے حالت نازک قرار دے کرمذکورہ آفیسر کو سرینگر منتقل کیا ۔ حملے کے بعد پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے علاقہ کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ معلوم ہوا ہے کہ جموں سرینگر شاہراہ پر میر بازار قاضی گنڈ کے مقام پر سی آر پی ایف گشتی پارٹی پر حملہ کرنے کے بعد شاہراہ پر پولیس وفورسز کو چوکس کر دیا گیا ہے اور آس پاس کے علاقوں کو محاصرے میں لیا گیا ہے