اقبال کاظمی کی زیر ِ صدارت پی ڈی پی کا اجلاس نیشنل کانفرنس پر عوام کی سادہ لوحی سے کھلواڑ کرنے کا الزام

 

رشید زرگر
سرنکوٹ//سنیچر کو یہاں بفلیاز کے دندی محلہ میں پی ڈی پی جماعت سے وابستہ کارکنان کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت سینئر لیڈر پی ڈی پی سید اقبال کاظمی نے کی۔ اس موقع موجود کارکنان نے کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوںسے ہم تمام لوگ نیشنل کانفرنس سے جُڑے رہے لیکن اس جماعت کے مقامی سیاست دانوں نے ماسوائے زبانی جمع خرچ کے اور کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ علاقہ پنچ سراں کو گذشتہ اسمبلی الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے کیلے لیڈروں اور کارکنوں نے ایک افواہ چھوڑی کے بفلیاز کو تحصیل کا درجہ دلایا گیا ہے تب سادہ لوہ عوام کو بے وقوف بنانے کیلے مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئی لیکن بعد میں یہ سب ایک ڈرامہ اور جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا۔ اجلاس میں مزید کہا گیا کہ بفلیاز علاقہ میں تعمیر و ترقی کے نام پر گذشتہ تین دہائیوں سے ایک روپیہ تک خرچ نہیں کیا گیا۔ محلہ دندی جہاں کے سات سو کے قریب ووٹر ہیں میں ایک پگڈنڈی تک تک تعمیر نہیں کروائی گئی اس وقت جن راستوں سے عوام چلتے ہیں اُنکی حالت دیکھ کر منتخب نمائندوں کی پول کھل جاتی ہے۔ پہلے پہاڑی قوم کو خطرے میں بتا کر ووٹ حاصل کیے جاتے تھے جبکہ اس بار آرٹیکل35A کا ڈرامہ عوام کے سامنے رکھا جارہا ہے لیکن اب عوام ان حربوں سے واقف ہو چکے ہیں۔ شرکاء نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈروں نے پرنائی پروجیکٹ کے ذریعے علاقہ کے ایک اہم آبی ذریعے دریائے سرنکوٹ کو مینڈھر کی جانب موڑ دیا ہے۔ جس سے علاقہ میں کھیتی باڑی کے نقصان کا خطرہ ہے۔انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے مقامی بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے وعدے کئے گئے تاہم یہ وعدے سراب ثابت ہوئے۔