پہلی مرتبہ راجوری میں بھاجپا ایگزیکٹیو کمیٹی کا2روزہ اجلاس

پہلی مرتبہ راجوری میں بھاجپا ایگزیکٹیو کمیٹی کا2روزہ اجلاس
جموں وکشمیر پورے ملک کے لئے تشویش کن مسئلہ:ڈاکٹر جتندر سنگھ
ریاست میں جی ایس ٹی کا اطلاق سنگِ میل:ست شرما
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//بڈھاامرناتھ یاترا کے ساتھ ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی جمو ں وکشمیر اکائی کی 2روزہ ایگزیکٹیو باڈی میٹنگ ہفتہ کو راجوری میں شروع ہوئی۔خطہ پیر پنجال میں بھاجپا کی اس نوعیت کی یہ پہلی میٹنگ ہے۔ میٹنگ کے دوران ریاست جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، اس میں پارٹی کے رول، گذشتہ روز وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے دیئے گئے بیان،پارٹی کی زمینی سطح پر مضبوطی، پارٹی کے نظریہ کی آبیاری کے لئے اٹھائے جانے والے عملی اقدام بارے تفصیلی طور غوروخوض کیاگیا۔ ذرائع کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی نے مشن2021کی حصولی کے لئے غیر روایتی ووٹ بنک خطوں یعنی خطہ پیر پنجال اور چناب (راجوری، پونچھ، کشتواڑ، ڈوڈہ)اضلاع پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ خطہ چناب کی 6نشستوں میں سے بھاجپا نے 4پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ خطہ پیر پنجال کی 7میں سے 2(نوشہرہ اور کالاکوٹ)پر بھی کامیابی ملی تھی لیکن بھاجپانے اس خطہ میں پارٹی کیڈر کو مضبوط ومستحکم کرنے پر خاص توجہ مرکوز کررکھی ہے۔پونچھ ضلع کی مخصوص کونسل نشست پر بھی بھاجپا نے اپنے امیدوار پردیپ شرماکو کامیاب کرایا۔راجوری سے وبودھ گپتا ایم ایل سی ہیں، اس کے علاوہ بزرگ لیڈرکلدیپ راج گپتا کو ریاستی پہاڑی مشاورتی بورڈ کا وائس چیئرمین بھی بنایاگیاہے۔ بی جے پی نے ٹھیک ، اسی روز ایگزیکٹیو کمیٹی میٹنگ راجوری میں رکھی جب سالانہ بڈھاامرناتھ یاترا شروع ہوئی جس میں ملک کے کونے کونے سے یاتری حصہ لیتے ہیں۔یاترا اور بھاجپا سنیئرلیڈران یعنی آدھی حکومت کے راجوری میں خیمہ ذن ہونے کی وجہ سے سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی جس نے اسمبلی انتخابات2014میں ناقابل یقین اور غیر متوقع کامیابی حاصل کی تھی ،کا ریاست کے اند ر ہرایک قدم تاریخ میں پہلی مرتبہ ہورہاہے۔ یعنی اقتدار میں پہلی مرتبہ بھاجپا آئی، چناب اور پیر پنجال میں اس نوعیت کی میٹنگیں پہلی مرتبہ منعقد ہوئیں اور سب سے بڑھ کر کہ92سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ جموں کے اندر آر ایس ایس کی قومی ایگزیکٹیو کمیٹی کا3روزہ اجلاس منعقد ہوا۔ راجوری میں دو روزہ ایگزیکٹیو میٹنگ میں وزیر اعظم دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ، نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ، بی جے پی ریاستی صدر ست شرما، انجینئر غنی کوہلی، جنرل سیکریٹری اشوک کول کے علاوہ پارٹی سے وابستہ جموں وکشمیر ریاست کے تمام اراکین پارلیمان، اراکین اسمبلی وقانون سازیہ، کابینہ وزرا اوروزرائے مملکت شرکت کر رہے ہیں، کے علاوہ پارٹی کے ریاستی، صوبائی عہدادران،ضلع وبلاک صدور،متعددبورڈوںکے وائس چیئرمین بھی حصہ لے رہے ہیں۔ سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ہفتہ کےر وز راجوری میں منعقد ہوئی میٹنگ کے دوران ریاستی صدرست شرما نے گذشتہ تین ماہ کےد وران ملکی وریاستی سطح پر ہوئی اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی رام ناتھ کوند کی خدمات کو اعتراف کرتے ہوئے اور انہیں صدر جمہوریہ عہدہ کے لئے چن کر انہیں اعزاز بخشا۔ریاست میں جی ایس ٹی کا اطلاق ایک سنگ میل تھا۔ این آئی اے کی اعلیحدگی پسندوں کے خلاف کارروائی مرکزی سرکار کے اس موقف کا ثبوت ہے کہ ان عناصر کو قطعی بخشا نہیں جائے گا جووادی کشمیر کے اندر حالات خراب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ1600وستارکس نے رضاکارانہ طور پارٹی کے لئے کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جس سے پارٹی مزید مضبوط ومستحکم ہوگی۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہاکہ بی جے پی کی طرف سے قومی، ریاستی، ضلع اور بلاک سطح کی لگاتار میٹنگوں کا انعقاد ایک صحت مند علامت ہے اس سے پارٹی عہدادران کو قیادت کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے اور سیاسی وتنظیمی فیصلوں وسرگرمیوں بارے آگاہ رہنے کا موقع ملتا ہے۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ جموں وکشمیر کا مسئلہ پورے ملک کے لئے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار مخالف سوچ کونظر انداز کرتے ہوئے بی جے پی نے نیا ورک کلچر کو فروغ دیا اور اب ہر لیڈر ساتوں دن اور24گھنٹے عوام کے لئے کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ اشوک کول نے کہاکہ بی جے پی کا اوپر سے لیکر نیچے تک اچھا نظام ہے، بی جے پی کو واحد سیاسی پارٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہے جس کا دنیا میں سب سے زیادہ کیڈر ہے۔اس دوران سٹیٹ ورکنگ کمیٹی میٹنگ میں پیش کی گئی سیاسی قرار داد پر بھی بحث وتمحیص ہوئی۔نظامت کے فرائض ریاستی جنرل سیکریٹری پون کھجوریہ نے انجام دیئے۔یاد رہے کہ ہرتین ماہ کے بعد منعقد ہونی والی بھاجپا کی ریاستی ایگزیکٹیو میٹنگ آخری مرتبہ22اور23اپریل2017کو خطہ چناب کے ضلع ڈوڈہ میں منعقد ہوئی تھی۔ غور طلب ہے کہ2021انتخابات میں مکمل اکثریت حاصل کرنے کے مشن پر کاربند بی جے پی کا ہدف راجوری اور پونچھ اضلاع کی7میں سے کم سے کم چار نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ہے جن میں پونچھ حویلی، راجوری، کالاکوٹ اور نوشہرہ شامل ہیں اور ان حلقوں میں اپنے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے آج ہی سے حکمت عملی طے کر کے اس پر کام کیاجارہاہے، اس حوالہ سے مذکورہ روز روزہ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے بھی لئے جائیں گے۔