چھکے جو کرکٹ کی تاریخ میں یادگار رہیں گے

کرکٹ کی تاریخ میں ایک سے بڑھ کر ایک بلے باز آئے ہیں اور انھوں نے اپنی بیٹنگ کا لوہا منوایا ہے۔ سر گیری سوبرز سے لے کر ویراٹ کوہلی تک ایک لمبی لائن ہے جن کو گیند کرانے سے پہلے بولر ایک مرتبہ سوچتے ضرور ہوں گے۔ لیکن تاریخ میں ایسے بھی بلے باز آئے جنھوں نے کریز پر آتے ہی بلے کو گھمانا شروع کیا اور گیند زمین پر آنے کو ترستی تھی۔ایسے بلے بازوں کی ایک لمبی فہرست ہے لیکن شاہد شاہد آفریدی اور کرس گیل ان میں سرِ فہرست ہیں۔ حال ہی میں بنگلہ دیش میں کرس گیل نے ایک مرتبہ پھر بتایا کہ ابھی ان کی بڑی کرکٹ باقی ہے۔کرکٹ کی تاریخ میں جس بیٹسمین نے سب سے پہلے ایک اوور میں چھ چھکے مارے وہ ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر سر گیری سوبرز تھے۔انھوں نے سنہ 1968 میں یہ کارنامہ برطانیہ کی کاؤنٹی سوانسی کے سٹیڈیم میں گلیمورگن کی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے سرانجام دیا۔ وہ نوٹنگھم شائر کے کپتان تھے اور ان کا نشانہ بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کروانے والے گلیمورگن کے مالکم نیش بنے۔اس گیند کو جسے مار مار کر سوبرز نے تباہ کر دیا تھا سنہ 2006 میں 26 ہزار چار سو پاؤنڈز میں نیلام کیا گیا، اگرچہ اس بات پر شکوک ہیں کہ یہ وہ ہی گیند تھی جس کی 1968 میں درگت بنی تھی۔