ٹھاٹھری تا بٹھولی کانگریس کا روڈ شو، ہزاروں کارکنان کی شرکت

عارف ملک
بھلیسہ//کانگریس لیڈر اور لوک سبھا انتخابات 2024 میں انڈیا الائنس کے کٹھوعہ اودھم پورڈوڈہ سے بطور امیدوار چودھری لال سنگھ نے گزشتہ روز ٹھاٹھری، کاہرہ، باتھری،ملکپورہ اور بھٹولی میں روڈ شو کیا ۔اُن کے ہمراہ جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر وقار رسول وانی، ضلع صدر ڈوڈہ شیخ مجیب علی، ریاض احمد اور نیشنل کانفرس کے پیارے لال شرما، یوتھ لیڈر سرشاد نٹنو بھی تھے۔چودھری لال سنگھ نے ٹھاٹھری، کاہرہ، باتھری،بھٹیاس،ملکپورہ اور بھٹولی میں عوامی ریلی سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھاچپا نے جموں کشمیر کی عوام کا حق چھینا اور، بے روزگاری، مہنگائی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔بھاچپا نے لوگوں سے ان کی زمینیں چھین لی، انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آئی تو لوگوں کو اْن کا حق جو چھینا گیا ہے دوبارہ واپس کیا جائے گا، نوجوان جو بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں اُن کے لیے روزگار کے موقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے 19 اپریل کو ہونے والے پہلے مرحلے کے تحت ڈوڈہ اودھم پور کٹھوعہ سے خود کے لئے لوگوں سے ووٹ کی اپیل کی۔ وقار رسول وانی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس بھاچپا سے جموں کشمیر کی عوام کے لیے لڑ رہی ہے۔بھاچپا کانگریس کو ہرانے کے لیے طرح طرح کے ہربے اور ہتھکنڈے اپنا رہی ہیں۔ انہوں نے غلام نبی آزاد والی ڈی پی اے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈی پی اے پی بھاچپا کی بی ٹیم ہے، اور بھاچپا کو جتانے کے لیے الیکشن میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی اے پی کی ٹکٹ پر لڑنے والے اُمیدوار کو بھاچپا نے بیس کروڑ روپے دیے ہیں تاکہ وہ کانگریس اُمیدوار کو ہرا سکے اور بھاچپا آسانی سے ڈوڈہ کٹھوعہ اودھم پور کی نشست جیت سکے لیکن یہ بھی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانگریس، پی ڈی پی اور دیگر پارٹیاں جو انڈیا الائنس سے جڑی ہیں آج حق کو سچائی کا ساتھ دے رہی ہیں اور جیت انڈیا الائنس کی ہی ہوگی۔