مودی دورِ حکومت میں گجر بکروال، پہاڑی اور او بی سی طبقہ کوانصاف ملا

اُڑان نیوز سروس
جموں//مودی حکومت میں گجر بکروال اور او بی سی کو انصاف ملا ہے۔ بی جے پی قیادت والی سرکار نے پہاڑی طبقہ کو حقوق دیئے جبکہ اس نے گجر بکروال اور گدی-سپی شینا برادریوں کے حقوق کو برقرار رکھا۔ ان باتوں کا ذکر بی جے پی صدر دفتر پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر راویندر رینہ نے کیا ۔انہوں نے کہاکہ یہ بی جے پی ہی ہے جس نے او بی سی سمیت ہر کمیونٹی کو حقوق دیے ہیں، جنہیں این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کی سابقہ حکومتوں نے نظر انداز کیا تھا۔راجیہ سبھا ممبر انجینئر غلام علی کٹھانہ، سابق وزیر عبدالغنی کوہلی بھی پریس کانفرنس میں راویندر رینہ کے ہمراہ تھے۔راوندررینا نے میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پہاڑی برادری کے دیرینہ مطالبات کو پورا کرنے کے لیے گجر، بکروال، گدی-سپی شینابرادری کے 10 فیصد ریزرویشن کے حقوق کو برقرار رکھا۔رینہ نے وضاحت کی کہ جب یہ بل پارلیمنٹ میں پیش کیا گیا تو مودی حکومت نے یہ بالکل واضح کر دیا کہ گجربکروال، شینا طبقہ جات کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے پہاڑی برادری کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ این سی، کانگریس اور پی ڈی پی کی زیرقیادت سابقہ حکومتوں نے 70 سال تک ان برادریوں کے ساتھ مجرمانہ ناانصافی کی اور بین الاضلاعی بھرتیوں کا کالا قانون لا کر گجربکروال کے بچوں کے مستقبل کو تاریکی میں ڈال دیا۔یہ بی جے پی ہی ہے، جس نے بین الاضلاعی بھرتی کے اصول، جانوروں کی نقل و حمل کے لیے گاڑیاں، ڈی ڈی سی، بی ڈی سی میں سیاسی نمائندگی دی، اور ان برادریوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے.