وادی کے پہاڑی علاقوں میں برف و باراں، میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں

SRINAGAR, MAR 1 (UNI):- People warm themselves while standing around a bonfire during rain in Srinagar on Friday . UNI PHOTO-65U

سری نگر// محکمہ موسمیات کی طرف سے وسیع پیمانے پر برف وباراں کی پیش گوئی کے بیچ وادی میں جمعے کی سہ پہر سے پہاڑی علاقوں میں برف و باراں اور میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشیں ہو رہی ہیں۔ وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری درج ہوئی ہے اور سیاحتی مقام گلمرگ کے بغیر تمام مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر ریکارڈ ہوا ہے۔متعلقہ محکمے کی طرف سے جاری ایڈائزری میں کہا گیا ہے: ‘جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں 29 فروری کی شام سے مغربی ہوا کی ایک لہر داخل ہونے والی ہے جس کے زیر اثر جموں و کشمیر میں 29 فروری کی شام یا یکم مارچ کی صبح سے 3 مارچ کی دو پہر تک وسیع پیمانے پر درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جس کا زیادہ اثر 2 مارچ کو رہے گا’۔ایڈوائزری کے مطابق اس دوران صوبہ جموں کے پیر پنجال رینج میں بھاری برف باری یا بارشیں ہوں گی جبکہ وادی کشمیر کے اننت ناگ، پہلگام ، کولگام، سنتھن پاس، پیر کی گلی، سونہ مرگ – زوجیلا، بانڈی پورہ – راز دان پاس، گلمرگ اور کپوارہ – سچنہ پاس پر بھاری برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث وادی کشمیر میں فضائی و زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتا ہے اور سری نگر – جموں قومی شاہراہ اور جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں کی بڑی سڑکیں بھی بند ہوسکتی ہیں۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے گر آنے کے خطرات رہتے ہیں نیز وادی میں مٹی کے تودے، چٹانیں کھسک آنے کے بھی امکانات ہیں۔ایڈوائزری میں کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں تمام طرح کے آپریشنز بند رکھیں۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ ہوئی کے گلمرگ کو چھوڑ تمام مقامات پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر درج ہوا ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور ضلع کرگل میں منفی9.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔