نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کے سینئر لیڈران بھاجپا میں شامل ہو رہے ہیں: رویندر رینا

جموں//بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے اتوار کے روز کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ملک اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کے سینئر لیڈران بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی آنے والے پارلیمانی انتخابات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرئے گی۔انہوں نے کہا :’جموں وکشمیر کی پانچ نشستوں پر بی جے پی کی جیت یقینی ہے کیونکہ بھاجپا نے لوگوں کے مسائل حل کئے ہیں۔‘رویندر رینا نے کہاکہ بھاجپا نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ جتنے بھی وعدئے کئے انہیں عملی جامہ پہنایا گیا۔ان کے مطابق آنے والے دنوں کے دوران نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس کے سینئر لیڈران بھاجپا میں شامل ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ چونکہ بھاجپا تعمیر وترقی میں یقین رکھتی ہیں لہذا دوسری پارٹیوں کے لیڈران بھی یہ سمجھ چکے ہیں کہ لوگ بھارتیہ جنتاپارٹی کے امیدواروں کے حق میں ہی اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے۔انہوں نے کہا :’مودی جی نے سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو انصاف فراہم کیا ، غریبوں کے لئے مفت راشن،کسانوں کو چھ چھ ہزار روپیہ اور پہاڑی قبیلوں سے وابستہ کنبوں کو ریزرویشن کی صورت میں ایک بہت بڑا تحفہ دیا گیا ہے۔‘بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر نے کہاکہ جموں کا ہو یا کشمیر کا ، ہندو ہو یا مسلمان بی جے پی کے لئے سب ایک ہیں اور اسی جذبے کے تحت ہم کرتے ہیں۔رویندر رینا نے مزید بتایا کہ سابقہ حکمرانوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ جھوٹے وعدئے کئے لیکن بی جے پی نے الیکشن سے قبل لوگوں سے جتنے بھی وعدئے کئے انہیں پورا کیا گیا۔