کشمیر میں برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری، دن بھر ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہاکشمیر میں برف و باراں کی پیش گوئی کے بیچ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری، دن بھر ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا

سری نگر/ وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی طرف سے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کے بیچ ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے جس سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں ایک اور مغربی ہوا کے وارد ہونے کے نتیجے میں 3 اور 4 فروری کو میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں یا برف باری کا امکان ہے جبکہ اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف باری ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران شمالی اور جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں 8 سے 10 انچ تک برف باری ہوسکتی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں 3 سے 6 انچ تک برف باری ہونے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشوں کے ساتھ 1 سے 2 انچ کی برف باری متوقع ہے۔متعلقہ محکمے کے مطابق صوبہ جموں میں اس دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشیں جبکہ پیر پنچال اور وادی چناب کے بالائی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 5 فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوسکتی ہے اور بعد ازاں وادی میں 6 سے 13 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 فروری کی شام سے 4 فروری کی شام تک موسم خراب رہنے کی صورت میں مسافروں سے اپیل ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری کے مطابق سفر کا پلان کریں۔دریں اثنا وادی میں خراب موسمی صورتحال کے بیچ سردیوں کا زور برابر جاری ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی12.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی11.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی8.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی میں بیس روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوا ہے گرچہ اس چلہ کے دوران بھی بھاری برف باری ہوسکتی ہے تاہم درجہ حرارت میں بتدریج بہتری ریکارڈ کی جائے گی۔