ہم منشیات فروشوں اور امن کے دشمنوں کے خلاف بر سر جنگ ہیں:پولیس چیف آر آر سوین

سری نگر//جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ آر آر سوین کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر پولیس کی طرف سے منشیات اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف جنگ جاری ہے۔ان کا ساتھ ہی کہنا تھا کہ ہماری جنگ ان لوگوں کے خلاف بھی ہے جو یہاں امن و شانتی کے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز کپوارہ میں عوامی دربار کی تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘منشیات کے خلاف اور اس کے کاروبار میں ملوث ماسٹر مائینڈس کے خلاف جنگ کو جیتنے کے لئے عوام کا تعاون انتہائی اہم ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم یہ بات بخوبی سمجھتے ہیں کہ سماج میں تبدیلی لانے کے لئے عوام کا تعاون کس قدر ضروری ہے اور ہم عوام تک پہنچنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں’۔مسٹر سوین نے کہا کہ ہم ان لوگوں میں بھی فرق کرتے ہیں جو منشیات کے اس کاروبار کے ماسٹر مائینڈ ہیں اور جو زمینی سطح پر پیادوں کے طور پر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘میرے افسراں ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہم لوگوں کے تعاون کے بغیر کام نہیں کر سکتے ہیں یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے کہ پولیس ایک خدمت کرنے والا ادارہ ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہم عوام کے تعاون کے مشکور ہیں اور یہ صرف میری زبان سے نکلنے والی بات نہیں بلکہ دل سے نکلنے والی بات ہے’۔موصوف ڈی جی پی نے کہا کہ سپیشل پولیس افسر (ایس پی اوز) بھی پولیس خاندان کا حصہ ہیں اور ہم ان کے مسائل کو سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘ہم ہمیشہ ایس پی اوز، ان کے خاندانوں اور بچوں کو پولیس کی مختلف فلاحی اسکیموں کے ذریعے مدد فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور انہیں باقاعدہ پولیس کے تحت شامل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو ہم نے مختلف مواقع پر کی بھی ہے’۔عوامی دربار کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جب وہ اسٹیشن ہیڈ کوارٹر سے باہر نکل کر ضلعی سطح پر شکایات کے ازالے کا پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمارا مقصد لوگوں کو راحت فراہم کرنی ہے اور ایسے پروگراموں کے ذریعے ان کی شکایات کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ لوگ بہت سارے مسائل سے دو چار ہیں’۔