سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیکی علاقوں میں شبانہ کرفیو نافذ

جموں//جموں وکشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک کلومیٹر علاقے میں رات نوبجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔حکام کے مطابق بارڈر سیکورٹی فورسز کے حکام نے ضلع سطح کی قائمہ کمیٹی کی میٹنگ کے دوران رات کوکرفیو نافذ کرنے کا معاملہ اٹھایا تاکہ سرحدی علاقے میں کرفیو سے وہ اپنے فرائض کو زیادہ موثر طریقے سے انجام دے سکیں۔ضلعی ترقیاتی کمشنر سانبہ ابھیشیک شرما کی طرف سے جاری کئے گئے ایک حکم نامہ کے مطابق بی ایس ایف حکام کی طرف سے سرحدی علاقوں کے ایک کلومیٹر دائرہ میں مشکوک سرگرمیوں کو روکنے کے لئے لوگوں کی نقل وحرکت پر پابندی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ ضلع انتظامیہ یہ محسوس کرتی ہے کہ یہ مناسب ہے کہ سرحدی علاقوں میں لوگوں کی نقل وحرکت کو کنٹرول کیا جائے تاکہ سرحدی علاقے میں بی ایس ایف کا بہترتسلط قائم ہو اور بھارتی سلامتی کے خلاف دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص یا فرد کا گروہ ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک کلومیٹر تک کے علاقوں میں رات نو بجے سے صبح چھ بجے تک حرکت نہیں کرئے گا، اگر نقل وحرکت ضروری ہو تو فردیا افراد کو بی ایس ایف اور پولیس حکام کو اپنے متعلقہ شناختی کارڈ پیش کرنے کی ضرورت ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی شخص حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ یہ حکم فوری طورپر نافذ العمل ہوگا اور اس کے اجراء￿ کی تاریخ سے دو ماہ کی مدت تک نافذ رہے گا ، اسے پہلے ہی واپس لیا جاسکتا ہے یا منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے۔