غیر یقینی موسمی صورتحال کے پیش نظر وزیر داخلہ امیت شاہ کا دورہ جموں منسوخ

جموں//ناساز گار موسمی صورتحال کے پیش نظر وزیر داخلہ امیت شاہ کا 9 جنوری یعنی منگل کا دورہ جموں و کشمیر منسوخ کر دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ 9 جنوری یعنی منگل کو جموں و کشمیر کا دورہ کرنے والے تھے جس کو نا ساز گار موسمی صورتحال کے پیش نظر منسوخ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وازیر داخلہ اپنے دورہ کے دوران1379 کروڑ روپیوں کے مالیت کے پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے والے تھے۔انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں امیت شاہ 2348 کروڑ روپیوں کی مالیت کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے والے تھے۔ان کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ اپنے اس دورے کے دوران جموں وکشمیر کی سیکورٹی و تعمیراتی و ترقیاتی منظر نامے کا بھی جائزہ لینے والے تھے۔ذرائع نے بتایا کہ دورہ کے دوران امیت شاہ پونچھ میں ڈھیرہ کی گلی کا دورہ بھی کرنے والے تھے جہاں 21 دسمبر 2023 کو ملی ٹنٹوں کے گھات لگا کر حملے میں 4 فوجی جوان جاں بحق ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران وزیر داخلہ کئی نوجوانوں میں تقرری کے خطوط بھی تقسیم کرنے والے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ اپنے دورے کے دوران یہاں وکست بھارت سنکلپ یاترا کے سلسلے میں گلشن گرائونڈ میں ایک بھاری اجتماع سے خطاب بھی کرنے والے تھے۔بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے بھی وزیر داخلہ کے دورے کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘ابھی اطلاع موصول ہوئی کہ خطے میں جاری غیر یقینی موسمی صورتحال کے پیش نظر مرکزی وزیر داخلہ شری امیت شاہ جی کا دورہ جموں منسوخ کر دیا گیا ہے’۔بتادیں کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر حکام نے جہاں سیکورٹی کے کڑی انتظامات کئے تھے وہیں پارٹی نے بھی اس دورے کے پیش نظر مکمل تیاریاں کی تھیں۔