کشمیر:شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری کے باوجود سردیوں کا زور جاری، 10 جنوری تک موسم خشک مگر سرد رہنے کا امکان

سری نگر// وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری درج ہونے کے با وصف جہاں ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے وہیں آبی ذخائر کے صبح کے وقت جم جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 5.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ اور ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کی سرد ترین جگہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی12.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجاد ے نیچے درج ہونے سے آبی ذخائر اور جھیل ڈل کے کچھ حصے جمعرات کی صبح بھی جم گئے تھے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں 10 جنوری تک موسم سرد مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران 4 اور 5 جنوری اور پھر 8 اور 9 جنوری کو موسم ابر آلود رہنے سکتا ہے جس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں چالیس روزہ چلہ کلان 21 دسمبر سے مسند اقتدار پر پوری آب وتاب کے ساتھ جلوہ افروز ہے۔لہ کلان جو ’شہنشہاہ زمستان‘ کے نام سے بھی وادی کے قرب وجوار میں مشہور ہے،21 دسمبر سے شروع ہو کر 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوجاتا ہے۔یو این آئی