کمشنر ریلوے بانہال- کھڑی کے درمیان ریلوے سیفٹی کا معائنہ کرنے کے لئے کھڑی پہنچے

جموں// یو ایس بی آر ایل (اودھم پور- سری نگر – بارہمولہ ریل لنک) پروجیکٹ کے تحت بانہال – کھڑی ریلوے اسٹیشن کے درمیان ریل سروس شروع کرنے سے قبل کمشنر ریولے دنیش چند دیشوال ریلوے سیفٹی کا معائنہ کرنے کے لئے بدھ کے روز کھڑی پہنچے۔اس موقع پر شمالی ریلوے، ارکان انٹرنیشنل، ریلوے سیفٹی، سیکورٹی اور تعمیراتی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار ان کے ہمراہ تھے۔دریں اثنا شمالی ریلوے کے فیروز پور ڈویڑن نے لوگوں کو بانہال- کھڑی ٹریک سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ موصوف کمشنر ریلوے فیروز پور ڈویڑن کے بانہال – کھڑی سیکشن میں نئی تعمیر شدہ ریلوے لائن کا معائنہ کریں گے جس کو جلد ہی الیکٹرک ٹرین آپریشن کے ساتھ کھول دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹرالی معائنے کے بعد کمشنر ریلوے کی طرف سے خصوصی ٹرین کے ذریعے اس سیکشن کا تیز رفتار ٹرائل بھی کیا جائے گا۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ بانہال – کھڑی ریلوے اسٹیشن کو 3 جنوری کے بعد کسی بھی وقت کھولا جا سکتا ہے تاہم کٹرہ- بانہال سٹرچ کو مارچ 2024 تک کھول دیا جائے گا۔بتادیں کہ کھڑی ریلوے اسٹیشن یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کے تحت بقیہ 111 کلو میٹر حصے پر نبانہال اور کٹرہ کے درمیان واقع ہے۔