رام سب کے بھگوان ہیں:فاروق عبداللہ جموں و کشمیر میں امن کیلئے ہند و پاک کو بیٹھ کر بات کرنے کا مشورہ

جے بی سنگھ
پونچھ//جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی، سابق مرکزی وزیر و رکن پارلیمان اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے پونچھ دورے کے دوران ایک نجی چینل سے بات کرتے ہوئے رام مندر کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس مندر کی تعمیر پر کسی واحد شخص کا کردار نہیں ہے بلکہ انہوں نے صاف طور پر کہا ہے کہ رام بھگوان صرف ہندوؤں کے نہیں بلکہ وہ پوری دنیا کے رام تھے۔ انہوں نے مذید اس موقع پر بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے موجودہ حالات کے تناظر میں کہا ہے کہ جو ڈر اور دہشت کا ماحول جموں و کشمیر میں اس وقت ہے اس کا واحد حل دو ایٹمی قوتوں کے مل بیٹھ کر بات چیت میں ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کو بیٹھ کر جموں و کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال پر بات کرکے جموں و کشمیر کے لوگوں کے بہتر مستقبل کیلئے حل نکالنے کا مشورہ دیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر موصوف اپنے پونچھ ضلع کے طویل دورے پر ہیں، جہاں سے مختلف وفود سے ملاقاتیں بھی کررہے ہیں۔