جموں و کشمیر کے طلباء امرت کال کے معمار :جتندر سنگھ

نیوزڈیسک
نئی دہلی// سائنس اور ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور خلائی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے گذشتہ روز قومی راجدھانی کے دورے پرآئے جموں و کشمیر کے تمام اضلاع کے تقریباً 250 اسکولی بچوں کے ایک وفد سے ملاقات کی اورانہیں امرت کال (2047) کا معمار قراردیا۔مرکز کے زیرانتظام علاقے کے طلباء حکومت ہند کے ‘وطن کو جانو-یوتھ ایکسچینج پروگرام 2023’ کے تحت جے پور، اجمیر اور نئی دہلی کا دورہ کر رہے ہیں۔ ایک بھارت، شریسٹھ بھارت کے جذبے کے تحت، اس دورے کا مقصد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے سامنے ملک کے ثقافتی اور سماجی تنوع کی نمائش کرنا ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے طلباء سے کہا کہ ان کا 2047 کا معمار بننا طے ہے اوریہ ہندوستان کے لیے بہترین وقت میں سے ایک ہے اور جموں و کشمیر کے لیے ایک نئی شروعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر کے خوبصورت علاقے میں غیر معمولی تبدیلی آئی ہے۔ پتھراؤ کے واقعات اب ماضی بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر اپنی کھیلوں کی حصولیابیوں کے لئے زیادہ سے زیادہ سرخیاں حاصل کر رہا ہے۔