خطہ پیر پنجال میں موبائل انٹرنیٹ بدستور بند معمولات زندگی متاثر، عوام کو مشکلات کا سامنا

اُڑان نیوز
راجوری+پونچھ//سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں 22دسمبر2023سے بدستور موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل ہیں۔ اس وجہ سے معمول کی زندگی کافی متاثر ہوئی ہے۔انٹرنیٹ سے جڑا کام کاج ٹھپ ہے۔ طلبا کی پڑھائی متاثر ہوئی ہے، وہ آن لائن فارم بھرنے سے بھی قاصر ہیں۔وہیں صارفین کو راشن لینے میں دقتوں کا سامنا ہے کیونکہ بائیو میٹرک کے بغیر راشن نہیں دیاجاتا ہے اور انٹرنیٹ کے بغیر انگھوٹا نہیں لگتا۔خیال رہے کہ بفلیاز۔ دیرہ گلی جنگل میں گھات لگاکر دو فوجی گاڑیوں پر حملے کے دوسرے روز فوجی کیمپ کے نزدیک تین عام شہریوں کی پراسرار اموات کے بعد سے انٹرنیٹ بند کیاگیاہے۔لوگوں میں اس واقعے کو لیکر کافی غم وغصہ ہے جن کا الزام ہے کہ فوج نے اِن لوگوں کو پوچھ تاچھ کیلئے اُٹھایا اور اُن پر دوران ِ حراست تشدد کیا جس کی وجہ سے و ہ ہلاک ہوئے اور پھر اُن کی نعشیں کیمپ سے دو ر رکھ دیں۔