جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ جلد سے جلد بحال کیا جانا چاہئے:رجنی پاٹل

سری نگر// سینئر کانگریس لیڈر رجنی پاٹل کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ جلد سے جلد بحال کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جموں وکشمیر میں فوری طور اسمبلی الیکشن کا انعقاد بھی عمل میں لایا جانا چاہئے۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز جموں میں پارٹی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘میٹنگ کے دوران ہم نے دو قرار دادیں پاس کیں اور جموں وکشمیر کے حالات پر گفتگو کی’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہماری پہلے سی ہی دو مانگیں رہی ہیں ایک جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ جلد از جلد بحال کیا جانا چاہئے اور دوسرا یہاں نوکریوں کی گارنٹی ملنی چاہئے’۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی چنائو بھی جلد منعقد ہونے چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یہاں وزرا اور ارکان اسمبلی ہونے چاہئے جو یہاں کے لوگوں کے مسائل حل کریں گے۔موصوف لیڈر کا کہنا تھا کہ میں لگ بھگ ہر ماہ یہاں آتی ہوں اور لوگوں کے دکھ درد کو سمجھنا چاہتی ہوں۔انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر کے حالات کسی کو معلوم نہیں ہیں یہ بات میں نے وزیر داخلہ کے سامنے بتائی’۔خواتین کے لئے اسمبلی 33 فیصد ریزرویشن کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ‘یہ ریزرویشن پہلے کانگریس نے ہی دی تھی’۔