کشمیر میں سردی کا زور بر قرار، پہلگام سرد ترین جگہ

سری نگر// وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے سردیوں کا زور جاری ہے جس نے لوگوں کو چلہ کلاں جیسے ماحول و مشکلات سے دو چار کر دیا ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی میں موسم ابر آلود رہنے کے دوران بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 17 سے 24 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں گرچہ 24 دسمبر تک موسم وسیع پیمانے پر تبدیلی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم اس دوران سردیوں میں اضافہ متوقع ہے۔اس دوران وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں کہیں گراوٹ تو کہیں اضافہ درجہ ہوا ہے تاہم تمام جگہوں پر شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہوا ہے۔گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی5.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع لیہہ میں منفی10.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔سائبیریا کے بعد دنیا کے دوسرے سرد ترین علاقہ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔یو این آئی