جموں کشمیر میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان تازہ برفباری کے بعد مغل شاہراہ ٹریفک آمد رفت کیلئے بند

اُڑان نیوز نیٹ ورک
جموں//موسمیاتی مرکز سرینگر نے اتوار کو پیش گوئی کی ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں پر ہلکی برفباری اور کئی مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری کا امکان ہے۔پیر کی گلی کے مقام پر پونچھ علاقہ سے تازہ برفباری کے بعد مغل شاہراہ کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کر دیاگیا ۔ محکمہ نے کہا کہ آج جموں اور کشمیر کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کی پیش گوئی کے ساتھ بیشتر مقامات پر موسم ابر آلود ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ پیر کو موسم جزوی طور پر عام ابر آلود رہے گا اور 24 سے 27 اکتوبر تک صبح کے اوقات میں کم مرئیت کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔اس میں کہا گیا ہے کہ 28 سے 29 اکتوبر تک جموں اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے، جب کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں 27 اکتوبر تک کسی بڑی بارش یا برف باری کی کوئی پیش قیاسی نہیں ہے۔محکمہ موسمیات نے آج فصل کی کٹائی اور دیگر بیرونی سرگرمیاں نہ کرنے کے لیے موسم کی ایڈوائزری بھی جاری کی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں کم از کم درجہ حرارت 6.6 ڈگری سیلسیس، قاضی گنڈ 5.4 ڈگری سیلسیس، پہلگام 1.8 ڈگری سیلسیس، کوکرناگ 6.0 ڈگری سیلسیس اور گلمرگ میں 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تاریخی مغل شاہراہ پر تازہ برفباری کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔ محکمہ ٹریفک نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کے بعد دوپہر موسم میں تبدیلی آئی اور تازہ برفباری ہوئی جس کے بعد شاہراہ کو بند کر دیا گیا ۔