پونچھ میں مشروم کی کھیتی کو فروغ دینے کی سعی محکمہ زراعت نے 960 مشروم کٹس کی تقسیم

جے بی سنگھ
پونچھ// محکمہ زراعت ضلعی افسر راکیش کمار کی زیرِسرپرستی اور ضلع افسر محکمہ زراعت منشی رام کی زیرِ نگرانی مشروم کی کھیتی پر کاشتکاروں کے لیے بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس میں کاشتکاروں کو 960 مشروم پیدا کرنے والے مواد پر مبنی کٹس تقسیم کی گئی۔ اس دوران بتایاگیاکہ مشروم ایک منافی بخش فصل ہے۔ اس سے انکی آمدنی زرعی شعبہ میں حقیقت میں دوگنی ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی اگر اسی طرح سے محکمہ کا تعاون رہا تو پونچھ کے کاشتکار مشروم کی کاشتکاری میں ملک میں تاریخ رقم کر کے بتائیں گے۔راکیش کمار نے میڈیا سے بات کرے ہوئے بتایا کہ ان کاشتکاروں کو یہ مشروم کی کٹس محکمہ کی جانب سے رعایت پر دی جارہی ہیں تاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے اور حقیقی معنوں میں کاشتکاروں کی آمدنی دوگنی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ مشروم کی کاشتکاری پر ایک خاص تجربہ پونچھ میں محکمہ کی جانب سے کیا گیا جس میں امسال کاشتکاروں نے بڑے پیمانے پر فائدہ حاصل کیا ہے اور اب اس کی کاشتکاری میں یہاں کہ کاشتکار زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں تو محکمہ بھی انکی مدد کے لیے آگے آیا اور انہیں یہ کٹس جو پہلے جموں میں ملتی تھیں وہ پونچھ میں ہی دستیاب کروائیں وہ بھی رعایت پر۔انہوں نے نوجوانوں اور عورتوں سے اپیل کی ہیکہ وہ محکمہ زراعت سے رابطہ کر مشروم و دیگر کاشتکاری کو عمل میں لائیں اور روزگار کاشتکاری سے پیدا کر اپنی زرعی آمدنی کو دوگنا کریں۔