ڈوڈہ کے پنچایت روتی پدرنہ میں بجلی نظام بدحالی کا شکار

سرسبز درختوں سے لٹکائی گئی ترسیلی لائنیں عوام کیلئے وبال ِ جان، محکمہ خواب ِ خرگوش میں

دانش اقبال
ڈوڈہ//بجلی محکمہ کی لاپرواہی غفلت شعاری کی بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہے،محکمہ بجلی پنچایت روتی پدرنہ کے ورارڈ نمبر5میں سر سبز درختوں کیساتھ بجلی کی ترسیلی لائینوں کو لٹکا کر گویا عوام کیلئے موت کو دعوتِ عام دے رہا ہے۔بجلی نظام اِس قدر لاپرواہی کاشکار ہے کہ پوری پنچایت میں بجلی کی ترسیلی لائنیں باضابطہ طور کھمبوں سے نہیں بلکہ سر سبز درختوں سے آویزاں ہیں جو کہ پنچایت کی عوام کیلئے وبال جان ہیں۔مقامی لوگوں نے اُڑان کیساتھ بات کرتے ہوئے کہا بجلی کے بد حال نظام کو لے کر کئی بار متعلقہ محکمہ سے گوہار لگائی کہ پنچایت میں بجلی نظام کو سدھارا جائے محکمہ متعلقہ کے آفیسران و ملازمین کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ہے ۔محکمہ ٹس سے مس نہیں ہے لیکن یہاں عوام آئے روز ڈر وخوف سے خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں ہیں ۔ جاوید احمد بٹ نامی ایک مقامی نوجوان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو اس علاقے میں کھمبے دیئے گئے ہے اور نہ ہی محکمہ بجلی کے ملاز مین نے اس علاقہ کی طرف توجہ دے رہے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ ہر ماہ محکمہ لوگوں کو بل ارسال کر تاہے لیکن ترسیلی نظام ٹھیک کرنے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے کسی بڑے حادثہ کا احتمال ہے ۔مقامی لوگوں نے لیفٹنٹ گورنر اور ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس پسماندہ علاقہ کی طرف توجہ دی جائے اور بجلی کے نظام کو طور درست کیا جائے ۔۔