کامرس کالج جموں میں تمباکو نوشی پر بیداری لیکچر

جموں//گورنمنٹ ایس پی ایم آر کالج آف کامرس جموں کے نشا مکت بھارت ابھیان / تمباکو مخالف سیل نے آئی کیو اے سی کے زیراہتمام منشیات کے استعمال پر اور اس کے مضر اثرات پربیداری لیکچر کا اہتمام کیا۔ پروگرام کا آغاز ڈاکٹر نازیہ رسول کنوئنراینٹی تمباکوسیل کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔ اس موقع پر کالج پرنسپل ڈاکٹر سریندر کمار مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کو نوجوانوں کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل پروگرام کے انعقاد پر سراہا۔ مہمان ذی وقار اور صدر شعبہ کامرس پروفیسر باربرا کول نے حاضرین سے خطاب کیا اور منشیات کے استعمال کی لعنت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

 

اس موقع پر مقرر ِ خاص ایڈووکیٹ الطاف حسین جنجوعہ نے منشیات کے استعمال اور منشیات کے کاروبار سے متعلق قانونی پہلووں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے طلبا کو سگریٹ اور تمباکو کی دیگر مصنوعات (تجارت کی پیداوار، فراہمی اور تقسیم کے اشتہارات اور ضابطے) ایکٹ 2003 (COPTA)کی وضاحت کی۔ انہوں نے اس حقیقت پر بھی زور دیا کہ کس طرح منشیات آزمانے کی غلط مہم جوئی قید کا باعث بن سکتی ہے اور روک تھام ہمیشہ علاج سے بہتر ہوتی ہے۔ عدالت میں مختلف تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے طلباءکو صحت مند اور خوشگوار زندگی کے لیے منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہاکہ سماج سے منشیات کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اکیلے کچھ نہیں کرسکتے جب تلک عوام کا تعاون حاصل نہ ہو اور عوامی سطح پر جرائم کو سنگینی سے نہ لیاجائے۔ انہوں نے بتایاکہ نابالغ بچے کو تمباکو نوشی مصنوعات فروخت کرنا، پبلک مقامات پر تمباکونوشی کا استعمال، منشیات کی تشہیر کرنا قانونی جرم ہے۔ تعلیمی اداروں کے ارد گرد100میٹر کے دائرے میں سگرٹ، بیڑی ودیگر تمباکو مصنوعات فروخت کرنامنع ہے اور ایسا کرنا جرم ہے۔

انہوں نے طلبا سے تاکید کی کہ وہ خود بھی منشیات سے دور رہیں اور اس کیخلاف ایک سفیر کے طور کام کریں۔ اپنے آس پاس ، دوست واحباب کو اس وباءسے دوررکھنے میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ بیداری پھیلائیں۔اس موقع پر پروفیسر مونیکا ملہوترا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پورے پروگرام کی نظامت ڈاکٹر نازیہ رسول، ڈاکٹر جگمیت کور، ڈاکٹر فائزہ، ڈاکٹر رومی رانی، ڈاکٹر دیپک پٹھانیا، اور پروفیسر عفان علی، پروفیسر رجنی بالا نے کی۔ پروفیسر عفان علی نے پورے پروگرام کی نظامت کی اور اظہار تشکر بھی کیا۔