بیشتر علاقوںمیں درمیانی تا موسلادار بارشیں،کہیں کہیں ہلکی برف باری جموںسرینگرجموں قومی شاہراہ اورمغل روڑ پرٹریفک معطل

SRINAGAR, MAY 31 (UNI):- Peoople take shelter under umbrellas during rain in Srinagar on Wednesday UNI .PHOTO-15U

نیوزڈیسک

جموں+سرینگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگل کو رات دیر گئے شروع ہونے والی درمیانی سے موسلا دار بارشوں کا سلسلہ کشمیروادی ،خطہ پیرپنچال،وادی چناب اورجموں خطے کے دوسرے علاقوںمیں بدھ کی سہ پہرتک وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ اس دوران سادھنا ٹاپ سمیت کچھ بالائی مقامات پرتازہ ہلکی برف باری بھی ہوئی ۔شہر سری نگرسمیت پورے کشمیرمیں مسلسل بارشوں سے معمول کی سرگرمیاں اثرانداز ہوکررہ گئیں جبکہ مٹی کے تودے اور پسیاں گرآنے کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندکردیاگیا ،اور تاحال دونوں راستوں پرگاڑیوںکی آواجاہی معطل تھی ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کی صبح کی گئی تازہ پیش گوئی کے عین مطابق جموں وکشمیرکے مختلف علاقوںمیں منگل کو شام دیر گئے اوردوران شب درمیانی اورموسلا دار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔پوری رات کشمیروادی اور جموں خطے کے بیشتراضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بدھ کی صبح سے سہ پہرتک پورے جموں وکشمیرمیں آسمان پر گھنے اورگہرے بادل چھائے رہنے کے بیچ وقفے وقفے سے کبھی تیز توکبھی ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔مسلسل بارشوںکی وجہ سے سری نگرسمیت کشمیروادی کے بیشتر قصبہ جات کی سڑکوں ،گلی کوچوں اور بازاروںمیں پانی جمع ہوگیا ،جس وجہ سے لوگوںکو پیدل چلنے میں سخت دشواریوںکا سامنا کرنا پڑا۔مسلسل بارشوں کے بیچ بدھ کی صبح نونہال ،نوعمر اورنوجوان طلباء و طالبات چھتریاں لئے اپنے اپنے اسکولوں اورکالجوںکی جانب روانہ ہوئے ۔تاہم بازاروںمیں معمول کی نقل وحمل کم رہی ۔اُدھر سادھنا ٹاپ سمیت کچھ بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاع ملی ،اورجون کے مہینے میں برسوں بعدلوگوں نے برف باری کامشاہدہ کیا۔اس دوران رام بن اور پونچھ اضلاع میں شدید بارشوں کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے بعد بدھ کو جموں سری نگر قومی شاہراہ اور مغل روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ سری نگرجموں قومی شاہراہ کے مختلف حصوں میں 200 سے زیادہ گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ایس ایس پی رام بن موہتا شرما نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ قومی شاہراہ کو مزید کلیئرنس تک بند کر دیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے مغل روڈ پر رتہ چمب پل کے قریب ایک بڑی لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس سے ٹریفک کی نقل و حرکت بند ہو گئی۔انہوں نے کہا کہ مرد اور مشینیں تودے کو ہٹانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز اگلے24 گھنٹوں کے دوران خراب موسم جاری رہنے کی پیش گوئی کی ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ جموں و کشمیر میں صبح سویرے سے ہی کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی جبکہ زیادہ تر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی اور چند مقامات پرژالہ باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔محکمہ نے مزیدکہاکہ یکم اور2جون کو وسیع پیمانے پر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش، چند مقامات پرژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ3سے8 جون کے درمیان دیر سے دوپہر تک الگ تھلگ مقامات پر بارش اور گرج چمک کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں کو 2 جون تک فارم کے تمام کاموں کو معطل کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے اور لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش، اونچی جگہوں پر برف باری کی وجہ سے خطرناک جگہوں پر ٹریفک میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔محکمہ نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ افراد کو محتاط اور چوکنا رہنے اور ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔