جموں وکشمیر کے12ہزار عازمین کی روانگی اورواپسی کاشیڈول 7جون کو 315عازمین کا پہلا قافلہ روانہ ہوگا

نیوزڈیسک

سرینگر//حج کمیٹی آف انڈیا نے حج2023کے سلسلے میں جموں وکشمیر سے عازمین کی سری نگرسے جدہ شریف روانگی اور مدینہ منورہ سے حجاج کرام کی سری نگرواپسی کاشیڈول جاری کردیاہے ،جسکے مطابق سری نگربین الااقوامی ہوائی اڈے سے جموں وکشمیرکے عازمین کی سعودی عرب روانگی کا سلسلہ 7جون2023سے شروع ہوگا،جو22جون تک جاری رہے گاجبکہ وہاں حجاج کرام کی سری نگر واپسی کا سلسلہ 17جولائی2023سے2اگست تک جاری رہے گا۔معلوم ہواکہ جموں و کشمیر سے حج2023 کے لئے عازمین7 جون سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوں گے۔پہلی پرواز 315 عازمین کو لے کر 7جون کو سہ پہر 3بجے سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف روانہ ہو گی ۔جدہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کیلئے سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے7 جون سے ہر روز2 پروازیں روانہ ہوں گی اور ہر ایک پرواز میں 315 عازمین کو الگ الگ شیڈول میں لے جایا جائے گا۔حج افسر عبدالسلام نے بتایا کہ عازمین سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر احرام (مقدس کپڑا) پہنیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ حجاج کرام جو دوپہر 3 بجے فلائٹ میں سوار ہوں گے، اُنہیں تمام رسمی کارروائیوں کو پورا کرنے کے لیے صبح 10 بجے سری نگر کے بمنہ حج ہاؤز میں حاضر ہونا ہوگا اور حکومت کے عہدیداروں کی جانب سے اُنہیں سرینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جائے گا۔کشمیرکے حج افسر عبدالسلام میرنے مزید کہا کہ اسی طرح جن عازمین کو دن کی دوسری پرواز میں سوار ہونا تھا جو سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے شام 7 بجے روانہ ہوگی، وہ تمام رسمی کارروائیوں کو پورا کرنے کے لیے دوپہر2 بجے تک حج ہاؤس بمنہ سری نگر پہنچ جائیں گے۔ڈاکٹر عبدالاسلام میر نے کہا کہ اس سال جموں و کشمیر سے تقریباً 12000 عازمین حج بیت اللہ2023 ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے حجاج کرام کی واپسی 17 جولائی سے شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کیلئے مکہ المکرمہ اور مدینہ منورہ سعودی عرب میں حج کے احسن انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات کیے گئے ہیں۔