کھڑی کنڈن میں آگ کی بھیانک واردات ،دو منزلہ رہائشی مکان مکمل طور تباہ

مکان کے اندر کا سارا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل۔
قمرالدین منہاس
رام بن //اتوار کے روز بعد دوپہر تحصیل کھڑی علاقہ کنڈن میں آگ کی المناک واردات میں دو منزلہ رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہو کر رہ گیا ہے جس کی وجہ سے مکان کے اندر گھر کا سارا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا تاہم کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ یہ واقع تحصیل کھڑی سے تقریباً تین کلومیٹر کی دوری پہاڑی پر واقع علاقہ کنڈن میں آج بعد دوپہر پیش آیا جب اتوار کے روز علاقہ کے عبدالرشید نامی شخص کے گھر میں اچانک آگ نمودار ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورا مکان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ۔آگ لگنے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ،سول کیو آر ٹی کھڑی، بھارتی فوج، پولیس و دیگر لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے اور آگ کو قابو کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن جب تک لوگ جائے واردات پر پہنچے تب تک آگ نے اپنا کام تمام کر دیا جس کی وجہ سے دو منزلہ رہائشی مکان اندر سے پوری طرح راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا جبکہ رہائشی مکان میں گھر میں استعمال ہونے والا لاکھوں مالیت کا سامان راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ہے اور مکان کے باہری ڈھانچے کے سوا کچھ بھی نہیں بچا ہے۔ ریسکیو تنظیموں کے اہلکارگھر کی کسی بھی چیز کو بچانے میں ناکام ہو کر رہ گئے۔
بتایا جاتا ہے کہ کنڈن کا علاقہ ایک پہاڑی علاقہ ہے جہاں فائز اینڈ ایمرجنسی سروس پہنچنا ناگزیر بنا ہوا ہے اور اگر علاقہ میں فائر ایمرجنسی سروس کا انتظام ہوتا تو یقینی طور پر آگ کی اس واردات کو بچایا جا سکتا تھا۔مقامی لوگوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی علاقہ کھڑی میں اس طرح کی کئی المناک وارداتیں رونما ہوئی لیکن بدقسمتی کی وجہ سے فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کی عدم دستیابی کی وجہ سے بچاؤ کرنا بھی ناممکن ہو کر رہ گیا ہے جبکہ مقامی لوگوں کی طرف سے کھڑی میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کی سہولیات کے لئے کئی بار انتظامیہ سے مانگ کی گئی لیکن بد قسمتی کی وجہ سے کوئی بھی شنوائی نہیں ہوئی مقامی لوگوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحصیل کھڑی علاقے میں بھی فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کا ایک اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ اس طرح کی آگ کی وارداتوں کو وقت پر قابو کیا جا سکیں اور لوگوں کو جانی اور مالی نقصان سے بچایا جا سکیں۔