جموں میں بی جے پی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس جی ٹونٹی اجلاس جموں و کشمیر کیلئے اپنی حقیقی صلاحیت کو ظاہر کرنے کا موقع:ڈاکٹر جتندر سنگھ

نیوزڈیسک
جموں//مرکزی وزیرڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بدھ کو کہا کہ اگلے ہفتے سرینگر میں ہونے والاG20 اجلاس جموں و کشمیر کیلئے اپنی حقیقی صلاحیت کو ظاہر کرنے کا ایک’بڑا موقع‘ہے۔جموں میں بی جے پی ہیڈکوارٹرمیں ایک روزہ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شامل ہونے سے پہلے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وہ مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی کیساتھ G20 میٹنگ میں شرکت کریں گے جس کا افتتاح لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کریں گے۔یادرہے جی20 ٹورازم ورکنگ گروپ کی تیسری میٹنگ22 سے24 مئی تک گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع مشہورقدرتی آبگاہ جھیل ڈل کے کنارے پر قائم SKICCمیں منعقد ہونے والی ہے۔وزیرجتیندر سنگھ نے کہاکہ یہ جموں و کشمیر کے لیے اپنی صلاحیت کو ظاہر کرنے کا ایک بڑا موقع ہے۔انہوںنے کہاکہ جی 20اجلاس میں شامل ہونے والے مندوبین زیادہ تر سیاحت کیلئے ڈل جھیل جائیں گے اور 22 مئی کو ثقافتی پروگرام دیکھیں گے لیکن اصل تین روزہ اجلاس کاکام کاج اورسرگرمیاں اگلے2 دنوں کے دوران ہونگی۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ، جو لوک سبھا میں جموں و کشمیر کے ادھم پور پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، نے کہا کہ سری نگر میں ہونے والے اس طرح کے بین الاقوامی پروگرام سے ملک اور پوری دنیا میں ایک مثبت پیغام جائے گا۔دریں اثنا، مرکزی وزیرجتیندر سنگھ جمعرات کو یہاں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کر رہے ہیں۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ یونیورسٹیوں کے تمام وائس چانسلرز، اداروں کے ڈائریکٹرز اور اداروں کے دیگر سربراہان اس بات پر غور و خوض کرنے اور فیصلہ کرنے کے لیے میٹنگ میں شرکت کر رہے ہیں کہ خطے کی یونیورسٹیوں اور اداروں کے درمیان مضبوط بین ادارہ جاتی تعاون کو کیسے فروغ دیا جائے۔عہدیدار نے بتایا کہ حکومت کے پرنسپل سائنٹفک ایڈوائزر (PSA) پروفیسر اجے سود اور ڈائرکٹر جنرل، CSIR اور سکریٹری DSIR، ڈاکٹر این کلیسیلوی بھی میٹنگ میں شریک ہیں۔