انسداد تجاوزات مہم کے نام پر لوگوں کو بے گھرکرنا ناقابل برداشت ایل جی انتظامیہ اِس معاملہ کافیصلہ منتخب حکومت پر چھوڑے:الطاف بخاری

نیوزڈیسک
اودھم پور //جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کرانے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری جاری انسداد ِ تجاوزات مہم کی پرزور مذمت کی ہے جس میں لوگوں کو زرعی اراضی، رہائشی مکانات اور دکانات سے بیدخل کیاجارہاہے۔منگل کو ضلع اودھم پور کی مُتل پنچایت میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا’’ ایل جی انتظامیہ کے آمرانہ راج میں لوگ بے بس ہیں ،عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی، اپنی مرضی ومنشا کے تحت یکے بعد دیگر عوام مخالف فیصلے لئے جارہے ہیں جس سے پوری جموں وکشمیر میں لوگ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ جموں وکشمیر میں انسد اد تجاوزات مہم نے غریب کنبوں کو اُن کی زمین سے بے گھر کیا ہے جس پر انہوں نے اپنی محنت کی کمائی سے سرمایہ لگایاتھا۔غریب لوگوں کا اِسی زمین پر انحصار ہے جس کو جموں وکشمیر بھر میں انتظامیہ واپس لے رہی ہے‘‘۔انہوں نے جموں وکشمیر میں بلڈوزر کو طاقت کی علامت کے طور پیش کرنے کی سخت مذمت کی اور کہا’’اس معاملے کا فیصلہ منتخب حکومت پر چھوڑا جانا چاہئے‘‘۔انہوں نے زور دیتے ہوئے حکومت کو چاہئے کہ فوری طور انسدا د ِ تجاوزات مہم کو بند کیاجانا چاہئے جس نے غریب اور سماج کے کمزور طبقہ کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا’’حکومت سے عوام کی بہبود ی کی توقع ہوتی ہے نہ کہ لوگوںکے لئے مشکلات پیدا کرناہوتا ہے۔ اس مہم کو بند کیاجانا چاہئے۔ وسیع ترعوامی مفاد کا یہ معاملہ منتخب حکومت پر چھوڑا جائے۔ جموں وکشمیر میں بلاتاخیر ریاستی درجہ بحال کر کے یہاں جتنا جلدی ممکن ہوسکے اسمبلی انتخابات کرائے جائیں۔ الطاف بخاری نے دو ٹوک الفاظ میں کہاکہ لوگوں سے جو زمین چھینی گئی ہے وہ دراصل جموں وکشمیر کے لوگوں کی ہے، ہم کسی بیرونی شخص کو اس پر قبضہ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ الطاف بخاری نے کہاکہ حکومت نے وعدہ کیاتھاکہ غریبوں کو ہراساں نہیں کیاجائے گا لیکن زمینی سطح پر اُنہیں اُکھاڑا جارہا ہے۔ وہ غریب لوگ اور چھوٹے دکاندار کیا کریں گے جن سے زمین چھین لی گئی ہے۔ اودھم پور اور اس کے دور دراز علاقوں میں ترقی کا ذکر کرتے ہوئے اپنی پارٹی صدر الطاف بخاری نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ ترقیاتی مسائل کو حل کیاجائے۔ انہوں نے اودھم پور لوگوں سے اپنی پارٹی اُمیدوار کی حمایت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ’’اپنی پارٹی کسی خطہ یامذہب کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ یہ پارٹی ہر خطہ اور ہرشخص کی ہے۔ اپنی پارٹی آپ کی سیاسی جماعت ہے لہٰذا آپ آگے آکر اِس کو مضبوط بنائیں۔ ترقی، حقیقت پسندانہ اور صداقت پر مبنی پارٹی کے ایجنڈے کو گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے وعدہ کیاکہ ’’اگر اپنی پارٹی کو جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بنانے کا موقع ملا تو ہم بلا امتیاز مذہب وملت، رنگ ونسل، ذات پات عوامی بہبود کے لئے کام کریں گے، ہم روزگار کے مواقعے پیدا کریں گے، سیاحتی مقامات کو ترقی دی جائے گی، نظر انداز علاقوں کی عوامی شراکت داری سے ترجیحی بنیادوں پر ترقی یقینی بنائی جائے گی‘‘۔ اودھم پور کا ذکر کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ یہاں پر سیاحت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ اپنی پارٹی کو موقع دیاگیا توزمینی سطح پر اودھم پور میں آپ کوتعمیر وترقی کے لحاظ سے مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔ آپ ہماری حمایت کریں ، ہم آپ کو ایک جوابدہ حکومت دیں گے۔ دونوں خطوں میں یکساں ترقی ہوگی، جتنے بھی فنڈز ہوں گے منصفانہ طور اُن کی تقسیم کی جائے گی۔ اپنی پارٹی کی فلاحی اسکیموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اقتدار میں آنے پر سرمائی ایام کے دوران کشمیر میں 500یونٹ اور جموں صوبہ میں300یونٹ بجلی مفت دی جائے گی۔ اسی طرح موسم گرما میں جموں کے اندر500اور کشمیر میں 300یونٹ بجلی صارفین کو مفت ملے گی۔ اجولا اسکیم کے تحت سالانہ فی کنبہ چار گیس سلنڈر مفت بھرنے کی سہولت ہوگی۔بزرگوں اور بیواؤں کو ماہانہ 5000روپے پنشن دی جائے گی۔ بچیوں کی شادی کے لئے دس دنوں کے اندر اندر 1لاکھ روپے ملے گا۔ اس سے قبل اپنی پارٹی نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے اتنا بڑا عوامی اجتماع منعقد کرنے پر سرپنچ مکھن لال کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر ڈوگرہ ریاست تھی جس کی سرحدیں لکھن پور سے لیکر گلگت۔بلتستان تک پھیلی تھیں۔بدقسمتی سے عوام مخالف یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے اِس تاریخی ریاست کی تنزلی کر کے اِس کو دو مرکزی زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیاگیا۔انہوں نے کہاکہ نو سال گذر چکے ہیں لیکن جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی بلواسطہ طور پر حکمرانی کرنے کا حق نہیں۔ یہ جموں وکشمیر کے لوگوں کا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی کے نمائندے منتخب کریں۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومت کو وائٹ پیپر جاری کرنا چاہئے کہ کتنے نئے اسکول ، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے کھولے، کتنی سڑکیں تعمیر کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جو بھی دعوے کر رہی ہے وہ کھوکھلے اور بے بنیاد ہیں۔ صوبائی صدر سردار منجیت سنگھ نے مطالبہ کیاکہ مُتل علاقہ کو سیاحتی نقشہ پر لایا جانا چاہئے۔ یہاں پر سڑک رابطہ اور دیگر بنیادی ڈھانچہ کو ترقی دیکر لوگوں کے معیار حیات کو بہتر بنایاجائے۔ صوبائی نائب صدر اور سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ نے اپنی تقریر میں ضلع اودھم پور کے لوگوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی خاکہ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ دیہی علاقوں میں صحت وتعلیمی سہولیات نہ کے برابر ہیں۔ اس عوامی جلسے کا اہتمام سرپنچ مکھن لال نے کیاتھا جس میں سینکڑوں مردو خواتین نے شرکت کی ۔الطاف بخاری سمیت پارٹی سنیئرلیڈران نے بطور اپنی پارٹی لیڈر اودھم پور میں لوگوں کے لئے کام کرنے پر سرپنچ مکھن لال کی سراہنا کی۔ مقررین میں پارٹی ضلع صدر ہنس راج ڈوگرہ، ضلع صدر کٹھوعہ اور سابقہ ایم ایل اے پریم لال،صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، ریاستی کارڈی نیٹر ایس سی ونگ بودھ راج بھگت، ریاستی صدر اپنی ٹریڈ یونین اعجاز کاظمی، نائب صدر یوتھ ونگ رقیق احمد خان وغیرہ بھی شامل تھے۔