پہلے ریاستی الیکشن کمشنر کی مدت مکمل

جموں//سٹیٹ الیکشن کمیشن نے کل سٹیٹ الیکشن کمشنر کے کے شرما کوپر وقار الوداعیہ دیا جنہوں نے جموںوکشمیر یوٹی کے پہلے سٹیٹ الیکشن کمشنر کے طور پر اَپنی مدت پوری کی۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ کے کے شرما کو اکتوبر 2020ء میں جموںوکشمیر یوٹی کے پہلے سٹیٹ الیکشن کمشنر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا ۔ اس سے قبل وہ گورنر ستیہ پال ملک اور لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو اور لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا کے مشیر بھی رہ چکے ہیں۔
سٹیٹ الیکشن کمشنر کے طورپر ان کے دور میں،یہ اِنتخابات حکومت کی طرف سے پنچایتی راج ایکٹ کی نئی ترامیم کے تحت قائم کی گئی پہلی ضلعی ترقیاتی کونسلوں کے لئے کئے گئے تھے۔اِس موقعہ پر سٹیٹ الیکشن کمیشن کے سیکرٹری سشیل کمار ، ایڈیشنل سیکرٹری چیف الیکٹورل آفس سندیش کمار ، جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر انیل سالگوترا ، کمیشن اور چیف الیکٹورل آفس کے دیگر سینئر اَفسران اور ملازمین موجود تھے۔اِس موقعہ پر سٹیٹ الیکشن کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے ہر سٹیٹ اور یوٹی میں میونسپل اور پنچایتی راج اِداروں کے اِنتخابات کے اِنعقاد کے لئے ایک خود مختار اِدارے کے کردار پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں سٹیٹ الیکشن کمیشن کے قیام سے آئین ہند کی دفعات کے مطابق اِن اِداروں کے اِنتخابات آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف ہوں گے جس کے نتیجے میں مستقبل کے لئے شہری اور دیہی علاقوں میں بنیادی سطح پر مقامی طرزِ حکمرانی کے جمہوری اِداروں کو تقویت ملے گی۔ایس اِی سی نے پہلے ضلع ترقیاتی کونسلوں کے اِنتخابات کے اِنعقاد کے عمل پر مختصراً بات کی جو کہ تین درجے پنچایتی راج نظام کو مکمل طور پر فعال کرنے کے بعد جموںوکشمیر یوٹی میں منعقد ہوئے تھے ۔اُنہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی کے دوبرسوں کے کام کرنے سے پنچایتی راج نظام پورے جموںوکشمیر میں ضلعی سطحوں پر متحرک اور لوگوں پر مرکوز ہو گیا ہے۔سٹیٹ الیکشن کمشنر کی طرف سے ضلع ترقیاتی کونسل کے اِنتخابات پر ایک کمپنڈیم جاری کیا گیا جس میں اِنتخابات سے کشمیراور جموں خطہ میں لوگوں کے زبردست ردِّعمل کو بھی تفصیل سے پیش کیا گیا ہے۔کے کے شرما نے کمیشن کے عملے کو قابل ستائش کام کرنے پر بھی سراہا حالاں کہ جموںوکشمیرمیں پہلی کمیشن قائم کیا گیا تھا۔اِس موقعہ پر سٹیٹ الیکشن کمیشن کے سیکرٹری نے بھی خطاب کیا اور الیکشن کمشنر کے دور میں کئے گئے کاموں کا مختصر جائزہ لیا۔ ڈی ڈی سی اِنتخابات کا مجموعہ سٹیٹ الیکشن کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ (secjk.nic.in)پر بھی دستیاب ہوگا۔