سابقہ ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمداسلم کی ساتویں برسی

سابقہ ممبر اسمبلی سرنکوٹ چوہدری محمداسلم کی ساتویں برسی
آبائی گاوں لسانہ میں قرآن خوانی کا اہتمام، سیاسی وسماجی شخصیات نے خراج ِ عقیدت پیش کیا
الطاف حسین جنجوعہ
سرنکوٹ//کانگریس کے قد آور رہنما اور چھ مرتبہ سرنکوٹ حلقہ سے ممبر اسمبلی رہے چوہدری محمد اسلم کو 17جون کو ساتویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیاگیا۔ اس سلسلہ میں آبائی گاوں لسانہ میں رہائش گاہ پر قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا جس میں کویڈ ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعا کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی خدمات کو بھی یاد کیاگیا۔ سال 1944کو معروف گوجر رہنما غلام حسین لسانوی جوکہ گوجر بکروال طبقہ کی فلاح وبہبودی کے لئے قائم کی گئی گوجر چاٹ کانفرنس کے بانی تھے،کے ہاں لسانہ میں پیداہوئے چوہدری محمد اسلم کو اہل خانہ کے ہمراہ 1947میں تقسیم کے وقت پاکستانی زیر انتظام کشمیر (POKJ)جانا پڑتا لیکن 1951میں واپس پونچھ آئے ، تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ سن ِ بلوغیت کے بعد اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاست میں سرگرم رول ادا کرنا شروع کیا ۔ انہوں نے 13سال سے بلامقابلہ ایم ایل اے رہے پیر جماعت علی شاہ سے سال-67 1966میں الیکشن جیتے۔ آٹھ مرتبہ الیکشن جیتے جن میں چھ میں کامیابی حاصل کی۔ آٹھ برس تک ریاستی اسمبلی کے بھی اسپیکر رہے۔ 48سالہ سیاسی کیئر میں وہ کئی اہم عہدوں پر فائض رہے جن میں وزیر خزانہ، وزیر تعلیم، اسمبلی اسپیکر، راجیہ سبھا ممبر، جموں وکشمیر گوجر بکروال مشاورتی بورڈ وائس چیئرمین کے علاوہ 17برس تک جموں وکشمیر پردیش کانگریس کمیٹی صدر بھی رہے۔ وہ ایک غیر متنازعہ شخصیت رہے۔ صوم وصلوة کے پابند تھے، باکردار، بااخلاق، تہجد گذار، خوش اخلاق، ملنسار، عاجزی وانکسار جیسی صفات کے مالک تھے۔ انہوں نے سیاست جوکہ عصر حاضر میں بدنام زنامہ بن چکا ہے ، میں رہ کر اپنے کردار سے وہ مثال قائم کی جس کی نظیر ملنا بہت مشکل ہے۔انہوں نے نہ صرف اصولوں ، دیانتداری اور ایمانداری پر مبنی سیاست کی بلکہ پارٹی کے ساتھ بے لوث وفاءکی بھی مثال قائم کی تھی۔کئی سیاسی وسماجی شخصیات نے اُنہیں ساتویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔خیال رہے کہ 1962میں سرنکوٹ اور مینڈھر مشترکہ طور ایک ہی اسمبلی حلقہ ہوا کرتاتھا، جس میں پہلی مرتبہ ہوئے اسمبلی چناو¿ میں نیشنل کانفرنس کے پیر جماعت علی شاہ بلامقابلہ منتخب ہوئے تھے۔1967کو ہوئے انتخابات میں کانگریس کے چوہدری محمد اسلم بلامقابلہ منتخب ہوئے۔1972میں پھر کانگریس کے چوہدری اسلم نے آزاد اُمیدوار محمد سعید بیگ کو ہرایا تھا۔ 1962میں اسمبلی حلقہ مینڈھر وسرنکوٹ کا نمبر19تھا جوکہ 1997میں74ہوا، 1987میں سرنکوٹ حلقہ کا نمبر85پڑا۔ 1977کو سرنکوٹ اعلیحدہ سے اسمبلی حلقہ بنا تھا۔ اُس وقت سرنکوٹ اسمبلی حلقہ کا نمبر74تھا جوکہ اب 85ہے۔1977کے چناو¿ میں پھرمرحوم چوہدری محمد اسلم نے 11608ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی اور این سی اُمیدوار محمد سعید بیگ 9346ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ 1983میں مرحوم چوہدری اسلم نے محمد سید بیگ اور1987میں آزاد امیدوار محمد ایوب شبنم کو شکست دیکر اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا۔1996اور2002کے اسمبلی چناو¿ میں این سی کے مشتاق بخار ی سرخرو ہوئے۔2008میں پھر سے کانگریس کے چوہدری محمد اسلم نے کامیابی حاصل کی ۔ 17جون2014کو وہ علالت کے بعد اِ س دُنیا سے رحلت فرما گئے تھے۔سال 2014کو آخری مرتبہ ہوئے اسمبلی چناو¿ میں اُن کے فرزند چوہدری محمداکرم نے فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا جوکہ اِس وقت کانگریس کے سنیئرلیڈران میںشامل ہیں۔