لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے جموں میں ترنگا لہرایا

جموں میں 74 ویں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا
مشیر کے کے شرما نے ترنگا لہرایا
’اپنے پیشہ وارانہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کی کوششوں سے بھی ملک میں ترقی اور خوشحالی یقینی بن سکتی ‘
الطاف حسین جنجوعہ

جموں//کل یہاں منی سٹیڈیم پریڈ میں 74 ویں یومِ آزادی جوش و خروش سے منایا گیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما اس موقعہ پر مہمانِ خصوصی تھے ۔ مشیر نے قومی جھنڈا لہریا اور ایک کھلی جیپ میں پریڈ کا معائینہ کرکے بی ایس ایف ، ضلع پولیس ، سی آر پی ایف ، جے کے اے پی ، یو ٹی ڈی آر ایف ، فارسٹ پروٹیکشن فورس اور آئی آر پی کے دستوں کی جانب سے پیش کئے گئے پریڈ کی مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ اپنے خطبے میں مشیر نے یو ٹی کے عوام کو یومِ آزادی کے موقعہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک طویل جدو جہد کے بعد آزادی حاصل کی اور یہ دن ہمارے عظیم ملک کی کثرت میں وحدت کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے وقار و آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد بھی بہادر بھارتیوں نے ملک کی سالمیت اور خود مختاری کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے لوگوں کو قوم کی تعمیر کیلئے اپنے ذاتی اہداف مقرر کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے پیشہ وارانہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کی کوششوں سے بھی ملک میں ترقی اور خوشحالی یقینی بن سکتی ہے ۔ مشیر نے حکومت کی جانب سے یونین ٹیر ٹری میں متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں اور کاموں کا بھی ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ جموں کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اُجالا سکیم کے تحت 16 لاکھ کنبوں میں ایل ای ڈی بلب تقسیم کئے اور اجولا یوجنا کے تحت 12 لاکھ کنبوں کو ایل پی جی سلینڈر فراہم کئے ۔ اسی طرح آیوشمان بھارت کے تحت 20 لاکھ بیمے کرائے گئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں اور سرینگر میں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں پر کام شروع ہو چکا ہے اور روپ وے پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا ہے اور دیگر سیاحتی مقامات کو ترقی دی جا رہی ہے ۔ جموں کشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ بے روز گاری کے مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے شرما نے کہا کہ 11 ہزار آسامیوں کو بھرتی کیلئے مشتہر کیا گیا ہے ۔ مرکز کی جانب سے متعارف کی گئی تبدیلیوں کو تاریخی قرار دیتے ہوئے شرما نے کہا کہ ان سے ترقی کے نئے در کھلیں گے اور جموں کشمیر کے مختلف طبقوں کو اپنی زبان اور ثقافت کو ترقی دینے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ان تبدیلیوں سے معاشی ترقی اور خوشحالی میں درپیش رکاوٹیں دور ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پنچائتی راج اداروں کو مستحکم بنانے کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں اور اب پنچائتی راج اداروں کے ارکان کے کھاتوں میں براہ راست رقومات منتقل کی جا رہی ہیں تا کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں کی ترقی یقینی بنا سکیں ۔ مشیر نے صحت ، تعمیراتِ عامہ ، اطلاعات ، مال ، پولیس ، جے ایم سی ، تعلیم اور دیہی ترقی محکموں اور اداروں کی جانب سے کووڈ 19 وباءکے دوران بے مثال خدمات فراہم کرنے کیلئے سراہا ۔ انہوں نے 43 کورونا وائیررس کو بھی مبارکباد پیش کی جن میں ڈاکٹر ششی سودھن سربراہ مائیکرو بیالوجی جی ایم سی ، ڈاکٹر شاہد حسین نوڈل افسر سی ایم او دفتر ، جسمیت سنگھ اے سی نزول ، ستیش شرما نوڈل افسر سب رجسٹرار اودھمپور شامل ہیں ۔ اس موقعہ پر قبل از وقت ریکارڈ کئے گئے ویڈیو بلیدان ستمب ، باہو فورٹ امر پیلس اور مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس میں پیش کئے گئے جن میں حُب الوطنی اور ثقافت کی عکاسی کی گئی ۔ یہ ویڈیو محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی جانب سے پیش کئے گئے ۔ بی ایس ایف اور جے کے پی کے بینڈ نے حپب الوطنی کے نغمے پیش کئے ۔ رُکنِ پارلیمان جگل کشور شرما ، راجیہ سبھا کے رُکن شمشیر سنگھ منہاس ، مئیر جی ایم سی چندر موہن گپتا ، پرنسپل سیکرٹریز ، ڈویژنل کمشنر جموں ، آئی جی پی ، ڈپٹی کمشنر جموں ، مختلف محکموں کے سربراہان اور اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔