‘اسمبلی انتخابات آئیں گے تو یہ لوگ مینڈکوں کی طرح باہر آئیں گے’

بی جے پی جنرل سکریٹری اشوک کول کا متنازعہ بیان
‘اسمبلی انتخابات آئیں گے تو یہ لوگ مینڈکوں کی طرح باہر آئیں گے’
یو این آئی
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سکریٹری (آرگنائزیشنز) اشوک کول نے ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں جو جماعتیں الیکشن بائیکاٹ کی بات کرتی ہیں وہ لوگ اسمبلی انتخابات آتے ہی مینڈکوں کی طرح باہر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعے سے جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد ہی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار یہاں ہفتے کے روز یوم آزادی کی مناسبت سے پارٹی ہیڈکوارٹرز پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا: ‘مقامی پارٹیوں نے پنچایتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا لیکن پارلیمانی الیکشن کا بائیکاٹ کیوں نہیں کیا۔ آپ دیکھ لیجئے اسمبلی انتخابات آئیں گے تو یہ لوگ مینڈکوں کی طرح باہر آئیں گے، اگر یہ لوگ مینڈکوں کی طرح باہر نہیں آئے تو میرا نام اشوک کول نہیں’۔مسٹر کول نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعے سے جموں وکشمیر میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘وزیر اعظم نے لال قلعے سے کہا کہ جموں وکشمیر میں انتخابات ہوں گے، اسمبلی نشستوں کی حد بندی کا کام شروع ہوگیا ہے، یہاں انتخابات بھی ہوں گے، وزیر اعلیٰ بھی بنے گا، تو قع ہے کہ یہاں یہ عمل بہت جلد شروع ہوگا’۔ریاستی درجے اور فور جی انٹرنٹ خدمات کی بحالی کے حوالے سے موصوف بی جے پی جنرل سکریٹری نے کہا: ‘وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا ہے۔ ہمارا ماننا یہ ہے کہ جس دن کشمیر میں گولیاں چلنا بند ہوں گی، ملی ٹنٹ اور علیحدگی پسند اپنی سرگرمیاں بند کریں گے اسی دن یہاں ریاستی درجہ اور فور جی موبائل انٹرنیٹ خدمات بھی بحال ہونی چاہئے’۔حالیہ ہلاکتوں کو جنگجوو¿ں کی مایوسی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا: ‘کوئی مذہب اس کی اجازت نہیں دیتا ہے جیسے کل دو سپاہیوں کو مارا گیا جن میں سے ایک کی منگنی ہونے والی تھی۔ کیا نا انصافی کر رہے ہیں یہ لوگ’۔بی جے پی کار کنوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘سرکار نے ہمارے کارکنوں کو تحفظ فراہم کیا ہی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ بہت جلد بی جے پی کے کارکنوں کو ہی نہیں بلکہ سارے پنچوں سرپنچوں اور وی ڈی سی چیئرمینز کو بھی سرکار سیکورٹی فراہم کرے گی’