سرینگر میں مودی کے خطاب کو بڑی سکرینز پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا

سرینگر میں وزیر اعظم مودی کے خطاب
کو بڑی سکرینز پر ٹیلی کاسٹ کیا گیا
سرینگر//جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں ہفتے کے روز حساس مقامات پر پہلی بار بڑی سکرینز کو نصب کر کے اس پر وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم آزادی خطاب کو ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔انتظامیہ نے سری نگر کے سول لائنز میں کچھ ایک جگہوں بشمول جہانگیر چوک اور ٹی آر سی کراسنگ پر بڑی سکرینز اور لاﺅڈ اسپیکرز نصب کئے تھے جن پر وزیر اعظم کے خطاب کو راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ جہانگیر چوک اور ٹی آر سی کرانسگ پر یہ بڑی سکرینز فلائی اوورز کے نیچے نصب کی گئی تھیں اور ان پر وزیر اعظم کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے دیکھنے والے اکثر لوگ سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے یا سرکاری ملازم۔ بتادیں کہ وادی کشمیر میں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم سری نگر میں سخت ترین سیکورٹی بندو بست کے بیچ منعقد ہوئی۔تقریب میں یونین ٹریٹری کے لیفٹننٹ گورنر جنرل منوج سنہا نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔اس موقع پر موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں جموں و کشمیر میں صدیوں سے چلے آرہے ہندو مسلم بھائی چارے سے از حد متاثر ہوں۔وادی میں یوم آزادی کے موقع پر امسال بھی حسب سابق موبائل انٹرنیٹ خدمات کئی گھنٹوں تک معطل رہیں تاہم براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات جاری رہیں۔یو این آئی