جموں وکشمیر میں مذہبی مقامات اور عبادتگاہیں 16اگست سے کھولنے کا اعلان

Shahdara Sharief

مذہبی مقامات اور عبادتگاہیں 16اگست سے کھولنے کا اعلان
مذہبی جلوس اور اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی
الطاف حسین جنجوعہ
جموں //مرکزی زیر ِ انتظام جموں وکشمیر حکومت نے 16اگست سے تمام مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔مہلک عالمی وباءکورونا وائرس کی وجہ سے 5ماہ تک مذہبی مقامات اور عبادت گاہیں جموں وکشمیر میں بند رہی ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو سربراہی والی جموں کشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے بتایاکہ عبادت گاہیں اور مذہبی مقامات کو16اگست سے کھولا جائے گا تاہم مذہبی جلوس اور بڑے مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی۔ روہت کنسل جو کہ محکمہ منصوبہ بندی کے کمشنر سیکریٹری بھی ہیں، نے ٹویٹر پر حکومت کے اِس فیصلے کی جانکاری دیتے ہوئے بتایاکہ جموں کشمیر حکومت کی جانب سے تمام مذہبی مقامات اور عبادتگاہیں16اگست2020سے کھلیں گی۔مذہبی جلوسوں اور جامع اجتماعات بدستور سختی کے ساتھ ممنوع ہونگے۔ وادی میں17مارچ کو پائین شہر میں کورونا وائرس میں مبتلا پہلا کیس ظاہر ہونے کے بعد19مارچ جمعہ سے تمام عبادگاہوں اور مذہبی مقامات کو سیل کیا گیا تھا،جس کے پیش نظر وادی میں جامع مساجد، درگاہیں، امام باڑہ اور خانقاہوں میں اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی۔جموں میں بھی رگھوناتھ مندر، ماتا ویشنو دیوی سمیت سبھی مذہبی مقامات بند تھے جوکہ اب کھل جائیں گے تاہم سماجی دوری اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کے لئے مرکزی وزارت ِ صحت کی طرف سے جاری گائیڈلائنز اور پروٹوکول پر بھی عملدرآمد کرنا ہوگا۔