لداخ میں کورونا سے پہلی موت
اڑان نیوز
لیہہ//لداخ میں کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق مرکزی وزیر پی نمگیال کا موت کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کا پیر کو یہاں مختصر علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ لداخ یونین ٹریری، جہاں اب تک کورونا وائرس کے 81 مثبت کیسز سامنے آچکے ہیں، میں اس وبا سے متاثرہ کسی مریض کی موت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔لداخ حکومت کے ترجمان رگزن سیمفل نے پی نمگیال کی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ انہوں نے کہا: ‘مرحوم لیڈر سے لئے جانے والے نمونے کی رپورٹ مثبت آئی ہے’۔ذرائع نے بتایا کہ مرحوم پی نگمیال کے سبھی افراد خانہ اور سینکڑوں دیگر افراد کو قرنطینہ میں بھیجا گیا ہے کیونکہ مرحوم کی آخری رسومات مبینہ طور پر کووڈ 19 پروٹوکال کے برعکس انجام دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم لیڈر محض دو ہفتے قبل قومی راجدھانی نئی دہلی سے لوٹے تھے اور یہاں انتقال سے قبل یا بعد از انتقال ان کے رابطے میں آنے والے سبھی افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ پیر کو لوگوں کی ایک بڑی تعداد، جن میں بعض سیاسی لیڈران بھی شامل تھے، مرحوم لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے گھر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ لیہہ سچن کمار نے ذمہ داروں کی طرف سے برتی جانے والی اس لاپرواہی کی تحقیقات کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ پی نمگیال لداخ سے تین مرتبہ لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے تھے۔ وہ کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت میں وزیر مملکت کے منصب پر فائز رہے۔ دریں اثنا لداخ حکومت کی طرف سے جاری ڈیلی کورونا بلیٹن کے مطابق اس یونین ٹریٹری میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے چار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ لداخ میں اب تک کورونا کے 81 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 33 ایکٹو ہیں جبکہ 47 متاثرہ افراد صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے رخصت کئے جاچکے ہیں۔